خلیج اردو آن لائن:
متحدہ عرب امارات میں کورونا کے خلاف چومکھی لڑائی پورے زور شور کے ساتھ جاری ہے۔ کورونا کے خلاف بنائے گئے قواعد و ضوابط پر عمل در آمد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ رہائشیوں اور شہریوں کو تیز رفتاری کے ساتھ کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوارن کورونا ویکسین کی 94 ہزار 223 خوراکیں لگائی گئی ہیں۔ جبکہ اب تک ملک بھر میں کورونا ویکسین کی 13 اشاریہ 6 ملین خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔ جس کے ساتھ ملک بھر میں فی 100 افراد کورونا ویکسین لگائے جانے کی شرح 138 اشاریہ 36 ہو گئی ہے۔
مزید برآں، متحدہ عرب امارات میں 3 سال سے 17 سال کے بچوں پر سائنو فارم کورونا ویکسین کے تجربات کرنے والا اس خطے کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ ویکسین کی بچوں میں افادیت کو جانچنے کے اس عمل کا آغاز کر کے یو اے ای ویکسین بنانے والے ممالک (جیسا کہ چین، یو کے، امریکہ اور بھارت) کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔
دوسری جانب یو اے ای کے دارالحکومت ابوظہبی کی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی نے ایکساپئر ویزوں یا انٹری پرمٹ کے حامل رہائشیوں کو مفت کورونا ویکسین لگانے کی منظوری دے دی۔ یہ منظوری کورونا وبا کے باعث پیدا صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسے رہائشیوں کی صحت کے تحفظ کے لیے دی گئی ہے۔
لہذا اگر آپ کا انٹری پرمٹ یا رہائشی ویزا ایکسپائر ہو چکا تو بھی آپ کسی بھی کورونا ویکسین مفت لگوانے کے لیے کسی بھی مجاز ویکسین سنٹر میں رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
یاد رہےکہ ابوظہبی کی ایمرجنسی کمیٹی کورونا وبا سے نمٹنے کے لیتے بدھ کے روز گرین پاس کے استعمال کی اجازت بھی دے چکی ہے۔
کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ابوظہبی کے عوامی مقامات میں داخل ہونے کے لیے رہائشیوں کے پاس الحسن ایپ میں گرین پاس ہونا ضروری ہے۔
ان عوامی مقامات میں شاپنگ مالز اورسپر مارکیٹیں، جم، ہوٹل، عوامی پارک اور ساحل، نجی ساحل اور سوئمنگ پول، تفریحی مراکز، سینما گھر، عجائب گھر، ریستوراں اور کیفے شامل ہیں۔ اس فیصلے کا اطلاق 15 جون سے ہوگا۔
Source: Khaleej Times







