
خلیج اردو
ابوظہبی میں پیر 12 اکتوبر کو ٹریفک حادثے میں بنگلہ دیشی خاتون اور ان کا 15 سالہ بیٹا جاں بحق ہوگئے، جبکہ گاڑی چلانے والے شوہر زخمی ہوگئے۔ بنگلہ دیشی سفارت خانے کے فرسٹ سیکریٹری برائے لیبر ویلفیئر محمد اسماعیل نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ حادثے میں اوشیما چودھری اور ان کے بیٹے اوریترو بشواش کی موت ہوئی۔ زخمی والد سوروپ کانتی بسواس کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثہ رات تقریباً 9 بجے الواثبہ پل کے قریب پیش آیا، جب خاندان ایک سماجی تقریب میں شرکت کے لیے جارہا تھا۔ واقعے کے عینی شاہد صحافی سنجیت کمار شیل کے مطابق تیز رفتار گاڑی نے پیچھے سے ان کی کار کو ٹکر مار دی، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور کار سڑک کنارے حفاظتی رکاوٹ سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی، جبکہ ماں اور بیٹے نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
محمد اسماعیل کے مطابق سوروپ کانتی بسواس شدید زخمی ہوئے تھے اور انہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا، تاہم منگل کی صبح انہیں ڈسچارج کردیا گیا۔ ماں اور بیٹے کی میتیں ابوظہبی کے علاقے بنی یاس میں واقع مرکزی مردہ خانے میں رکھی گئی ہیں۔
خاندان کے دوست اور بنگلہ دیشی کمیونٹی کے افراد میتوں کی وطن واپسی اور دیگر قانونی کارروائیوں کے انتظامات میں تعاون کررہے ہیں۔ سوروپ کانتی بسواس کا تعلق چٹاگانگ کے علاقے بوآلخالی، جبکہ اوشیما کے خاندان کا تعلق اسی ضلع کے علاقے راؤزان سے ہے۔







