
خلیج اردو
ابوظہبی کے محکمہ صحت نے کنٹرولڈ ادویات سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی پر ایک ڈاکٹر کا لائسنس منسوخ جبکہ دوسرے ڈاکٹر کا لائسنس معطل کردیا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق بدھ کو کی جانے والی اس کارروائی کا مقصد امارت میں مریضوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ حکام نے دونوں ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی طبی معائنے، مریضوں کی مسلسل نگرانی اور طبی ریکارڈ مرتب کرنے میں خامیوں سمیت کنٹرولڈ ادویات کے ضوابط کی خلاف ورزیوں کے بعد کی۔ حکام نے کیس سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
متحدہ عرب امارات میں کنٹرولڈ ادویات سے مراد ایسی دوائیں اور مادے ہیں جن کے غلط استعمال اور انحصار پیدا کرنے کے ممکنہ خطرات کے باعث حکومت ان کی درآمد، برآمد، تقسیم اور استعمال کو سخت ضابطوں کے تحت کنٹرول کرتی ہے۔ ان ادویات کو مختلف اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں نارکوٹک اور سائیکوٹرپک ادویات کلاس اے جبکہ نیم کنٹرولڈ ادویات کلاس بی میں شامل ہیں۔
کنٹرولڈ ادویات میں مارفین، کوڈین اور فینٹانائل جیسی طاقتور درد کش ادویات، ڈائی زیپام اور لورازیپام جیسی ادویات، بعض اینٹی ڈپریسنٹس، اینٹی سائیکوٹکس اور توجہ کی کمی یا نیند کی بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی مخصوص ادویات شامل ہوسکتی ہیں۔ ان ادویات کے استعمال اور فراہمی کے لیے متعلقہ ضوابط پر عمل درآمد ضروری ہے۔
متحدہ عرب امارات میں رہائشیوں، سیاحوں اور ٹرانزٹ مسافروں کو کنٹرولڈ اور نیم کنٹرولڈ ادویات ساتھ لانے کے لیے وزارت صحت و تحفظِ آبادی کی ویب سائٹ کے ذریعے پیشگی منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔ منظوری کے عمل میں عموماً ڈاکٹر کا نسخہ اور طبی خط سمیت متعلقہ دستاویزات درکار ہوتی ہیں، جبکہ عام غیر کنٹرولڈ اور بغیر نسخے دستیاب ادویات کے لیے یہ پیشگی منظوری ضروری نہیں۔







