متحدہ عرب امارات

ایئر عربیہ کا کرپٹو کرنسی کے ذریعے ٹکٹوں کی ادائیگی کا آغاز، AE Coin کے ذریعے ادائیگی ممکن

خلیج اردو
شارجہ – ایئر عربیہ نے خطے کی پہلی ایئر لائن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے جو اب مستحکم کرپٹو کرنسی (Stablecoin) کے ذریعے ٹکٹوں کی ادائیگی کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ شارجہ میں قائم کم قیمت پر سفری خدمات فراہم کرنے والی یہ ایئرلائن اب صارفین کو AE Coin کے ذریعے اپنی پروازوں کی بکنگ کا موقع دے رہی ہے۔

یہ سہولت المریہ کمیونٹی بینک (Mbank) کے اشتراک سے فراہم کی گئی ہے، جو متحدہ عرب امارات کا پہلا مکمل ڈیجیٹل بینک ہے۔ صارفین AEC Wallet App کے ذریعے ادائیگی کر سکیں گے، جس کے ذریعے اب وہ ایئر عربیہ کی ویب سائٹ سے ٹکٹ بک کرتے وقت "AEC Wallet” کو چیک آؤٹ پر منتخب کر سکتے ہیں۔

AE Coin متحدہ عرب امارات کی پہلی درہم سے منسلک مستحکم کرپٹو کرنسی ہے، جو 1:1 کی شرح سے یو اے ای درہم کے ساتھ منسلک ہے۔ اس سے قیمت میں استحکام، سیکیورٹی اور کم لین دین کے اخراجات یقینی بنائے گئے ہیں۔

ایئر عربیہ کے گروپ سی ای او عادل العلی نے کہا کہ کمپنی اپنے تمام شعبوں میں ڈیجیٹلائزیشن کو اپنانے کے لیے پرعزم ہے، اور یہ شراکت داری صارف کے تجربے کو بہتر بناتے ہوئے ایسی ٹیکنالوجی فراہم کرے گی جو سہولت، انتخاب اور لچک فراہم کرے۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں متحدہ عرب امارات میں تین بڑی کمپنیوں — HC، ADQ اور فرسٹ ابوظہبی بینک — نے درہم سے منسلک AE Coin متعارف کرائی تھی۔ اس قسم کی کرپٹو کرنسی، جسے ’اسٹیبل کوائن‘ کہا جاتا ہے، اس کی قیمت کسی مستحکم اثاثے جیسے کہ فئیٹ کرنسی یا سونا سے منسلک ہوتی ہے۔

المریہ بینک کے سی ای او محمد وسیم خیاتہ نے کہا، "اس شراکت داری کے ذریعے ہم نہ صرف بکنگ کے عمل کو جدید بنا رہے ہیں بلکہ متحدہ عرب امارات کے ایک مربوط اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار مالیاتی نظام کے وژن میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button