
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنیوں نے علاقائی کشیدگی اور فضائی حدود کی پابندیوں کے باوجود اپنے پروازوں کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دیتے ہوئے دنیا بھر کے 250 سے زائد مقامات تک رسائی حاصل کر لی ہے۔
ایوی ایشن شعبے کی بحالی کے ساتھ امارات، اتحاد ایئرویز، فلائی دبئی اور ائیر عربیہ بدستور اہم اور مقبول عالمی روٹس پر اپنی سروسز جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اتحاد ایئرویز اس وقت 40 سے زائد ممالک میں 100 سے زیادہ مقامات پر پروازیں چلا رہی ہے، جن میں شمالی امریکہ، یورپ، ایشیا اور افریقہ کے بڑے شہر شامل ہیں، جبکہ امارات کا وسیع نیٹ ورک 140 سے زائد مقامات تک پھیلا ہوا ہے، جو دنیا کے تقریباً تمام براعظموں کو آپس میں جوڑتا ہے۔
اسی طرح فلائی دبئی اور ائیر عربیہ بھی مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیا، یورپ اور افریقہ کے متعدد شہروں تک پروازیں چلا رہی ہیں، جس سے مسافروں کو وسیع سفری سہولیات میسر آ رہی ہیں۔
حکام کے مطابق پروازوں کے شیڈول طلب، موسم اور آپریشنل صورتحال کے مطابق تبدیل ہو سکتے ہیں، اس لیے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل متعلقہ فضائی کمپنیوں کی ویب سائٹس سے تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشکل حالات کے باوجود متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنیوں کا نیٹ ورک برقرار رہنا ملک کی مضبوط فضائی حکمت عملی اور عالمی روابط کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔







