خلیج اردو
ابوظہبی: نیشنل سینٹر آف میٹیورولوجی (این سی ایم) نے طویل ویک اینڈ کے دوران متحدہ عرب امارات میں غیر مستحکم موسم، بارشوں اور طوفانی ہواؤں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور ڈرائیورز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ خاص طور پر ابوظہبی میں شدید موسمی صورتحال متوقع ہے۔
بدھ کی شام دبئی کے مرغم علاقے میں شدید گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی، جبکہ العین میں بھی ہلکی بارش کے ساتھ گرد آلود فضا نے حد نگاہ متاثر کردی۔ جمعرات کو المکتوم ایئرپورٹ کے قریب شدید بارش کی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں ایمریٹس روڈ پر گاڑیوں کو بارش کے دوران سفر کرتے دیکھا گیا۔
این سی ایم نے ملک کے جنوب مغربی حصوں میں مسلسل گرج چمک، تیز ہواؤں اور فلیش فلڈز کے خدشے پر متعدد وارننگز جاری کیں۔ این سی ایم کے ماہر موسمیات ڈاکٹر احمد حبیب نے خلیج ٹائمز سے گفتگو میں بتایا کہ جمعے تک ابوظہبی اور الظفرہ ریجن میں بھی بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمندر میں بھی طاقتور بادل بن رہے ہیں، خصوصاً قطر اور ابوظہبی کے درمیان۔
ڈاکٹر احمد حبیب کے مطابق موجودہ صورتحال ایک طاقتور لو پریشر سسٹم کی وجہ سے ہے جو بحیرہ عرب اور بحیرہ عمان سے نمی کھینچ رہا ہے، جس سے دن کے وقت بادل تیزی سے بنتے ہیں اور پھر بارش کا باعث بنتے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ تبدیلی بھارتی مون سون کی وجہ سے نہیں بلکہ ایک گہرے لو پریشر سسٹم کے باعث ہے جو بالائی فضاؤں تک پھیلا ہوا ہے، یہی علاقائی عدم استحکام کی اصل وجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیزن کی تبدیلی کے دوران، گرمی سے سردی کی طرف جاتے وقت، موسم میں اچانک اتار چڑھاؤ معمول کی بات ہے۔ ایسے دنوں میں ایک ہی دن میں دھند، بارش، ژالہ باری اور گرد آلود طوفان دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ دن اور رات کے درجہ حرارت کے فرق سے بھی یہ غیر مستحکم موسم پیدا ہورہا ہے، دن میں شدید گرمی اور رات کو نسبتاً ٹھنڈا موسم بادلوں کی تیز تشکیل کا باعث بنتا ہے، جس کی وجہ سے اچانک بارش اور طوفان آسکتا ہے۔






