
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر محفوظ ڈرائیونگ کو فروغ دینے کے لیے وزارت داخلہ نے خصوصی مہم کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ڈرائیور اپنے لائسنس سے 4 بلیک پوائنٹس ختم کرا سکیں گے۔
وزارت داخلہ کے مطابق "حادثات سے پاک دن” مہم کے لیے رجسٹریشن 17 اگست سے شروع ہوگی، جبکہ طلبہ کی اسکول واپسی کے دن 31 اگست کو مہم کے تمام قواعد پر عمل کرنے والے ڈرائیورز کو اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔
یہ مہم وفاقی ٹریفک کونسل اور ملک بھر کی پولیس کے تعاون سے شروع کی جا رہی ہے، جس کا مقصد 2026-27 کے تعلیمی سال کے پہلے دن سڑکوں اور اسکولوں کے اطراف ٹریفک کو زیادہ محفوظ بنانا ہے۔
وزارت تعلیم کے تعلیمی کیلنڈر کے مطابق طلبہ کے لیے نیا تعلیمی سال 31 اگست سے شروع ہوگا۔
رجسٹریشن کیسے کرائی جائے؟
وزارت داخلہ کے مطابق ڈرائیور 17 اگست سے وزارت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کیے جانے والے لنک کے ذریعے رجسٹریشن کر سکیں گے اور محفوظ ڈرائیونگ کے عہد نامے پر دستخط کریں گے۔
4 بلیک پوائنٹس ختم کرانے کے لیے کن شرائط پر عمل کرنا ہوگا؟
- گاڑی کی مکمل جانچ اور اس کی حفاظت کو یقینی بنانا
- مقررہ رفتار کی پابندی کرنا، خصوصاً اسکولوں کے اطراف
- ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال سے گریز کرنا
- اپنی لین میں رہنا اور لین تبدیل کرتے وقت احتیاط کرنا
- دوسری گاڑیوں سے مناسب فاصلہ برقرار رکھنا
- پیدل چلنے والوں کو ترجیح دینا
- ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کرنا
وزارت داخلہ کے مطابق مہم کا مقصد صرف ایک دن کے لیے محفوظ ڈرائیونگ کی ترغیب دینا نہیں بلکہ اسے روزمرہ کی عادت بنانا ہے۔
واضح رہے کہ بلیک پوائنٹس ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈرائیونگ لائسنس میں درج کیے جاتے ہیں، جبکہ 24 بلیک پوائنٹس جمع ہونے کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس معطل کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 2025 میں 3 لاکھ سے زائد ڈرائیورز نے "حادثات سے پاک دن” مہم میں حصہ لیا تھا۔







