متحدہ عرب امارات

العین کے صنعتی علاقے میں دکان میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا، کولنگ کا عمل جاری

خلیج اردو
ابوظہبی: ابوظبہی پولیس کے مطابق اتوار کی شام العین کے صنعتی علاقے میں ایک دکان میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، جبکہ کولنگ اور دھوئیں کے اخراج کا عمل جاری ہے۔ پولیس اور شہری دفاع کے اہلکاروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ کو پھیلنے سے روکا اور کارروائی مکمل کی۔

ابوظہبی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں اور غیر مصدقہ خبروں یا افواہوں سے گریز کریں۔

اسی روز، اتوار کی صبح شارجہ کے النہدہ علاقے میں ایک رہائشی عمارت میں آگ بھڑکنے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں چار افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، جو مبینہ طور پر آگ سے بچنے کی کوشش میں عمارت سے گر گئے۔ ایک پاکستانی شہری بھی صدمے کے باعث حرکت قلب بند ہونے سے جان کی بازی ہار گیا۔

بعد ازاں اتوار ہی کو شارجہ کے صنعتی علاقے میں ایک اور آگ بھڑک اٹھی، جس پر بھی بروقت قابو پا لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ان مسلسل واقعات کے پیش نظر شہری دفاعی اداروں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے پر زور دیا ہے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button