متحدہ عرب امارات

شارجہ انڈسٹریل ایریا میں گاڑیوں کے پرزوں کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی، دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے

خلیج اردو
شارجہ، 1 اگست 2025:
شارجہ کے انڈسٹریل ایریا 10 میں جمعہ کی صبح استعمال شدہ گاڑیوں کے پرزہ جات کے گودام میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ شارجہ پولیس نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ سول ڈیفنس اور متعلقہ اداروں کے ہمراہ ہنگامی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور آگ بجھانے کی کارروائیاں شروع کر دیں۔

حکام کے مطابق آگ استعمال شدہ ٹائرز اور گاڑیوں کے سکریپ پرزہ جات کے گودام میں لگی جسے مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ سول ڈیفنس اور پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر موجود ہیں اور ریسکیو آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ایک رہائشی نے بتایا کہ "چونکہ جمعہ کا دن تھا اور کام کا آغاز عام طور پر شام 4 بجے ہوتا ہے، ہم سب گھر کے اندر تھے۔ دوپہر بارہ بجے نماز کے لیے نکلے تو سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل آسمان پر چھائے ہوئے دیکھے، منظر انتہائی خوفناک تھا۔”

انڈسٹریل ایریا 6 سے مسجد جانے والے ایک اور رہائشی نے کہا کہ "میں نے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو جائے وقوعہ کی جانب تیزی سے جاتے دیکھا، واپسی پر لوگوں میں آگ کے بارے میں چہ میگوئیاں جاری تھیں۔ بعض کا کہنا تھا کہ یہ آگ چند بلاکس کے فاصلے پر لگی ہے۔”

حکام کے مطابق، آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ آپریشنز کیے جائیں گے تاکہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ خوش قسمتی سے تاحال کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ نقصان کا تخمینہ آگ بجھانے کے بعد لگایا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button