متحدہ عرب امارات

یو اے ای فلیگ ڈے: قومی پرچم کی تاریخ، معنی اور احترام کے رہنما اصول

 

خلیج اردو

دبئی: متحدہ عرب امارات آج پیر کے روز فلیگ ڈے منارہا ہے، جہاں صبح 11 بجے ملک بھر میں سرکاری و نجی اداروں، وزارتوں، اسکولوں اور تنظیموں میں ایک ساتھ قومی پرچم لہرایا گیا، جو قومی فخر، اتحاد اور یکجہتی کی علامت ہے۔

یو اے ای فلیگ ڈے کیا ہے؟
یو اے ای فلیگ ڈے پہلی بار 2013 میں منایا گیا تھا، جو 2004 میں مرحوم شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی بطور صدر تقرری کی سالگرہ کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ یہ دن اب ملک کے اہم ترین قومی ایام میں شمار ہوتا ہے اور دسمبر میں عید الاتحاد (یومِ اتحاد) کی حب الوطنی تقریبات کی تیاریوں کا آغاز بھی سمجھا جاتا ہے۔

اگرچہ یہ عام تعطیل نہیں ہے، مگر اماراتی شہری اور غیرملکی رہائشی یکساں طور پر اپنے گھروں، دفاتر، اسکولوں، پارکوں اور عوامی مقامات پر فخر کے ساتھ پرچم لہر کر اس دن کو مناتے ہیں۔

اتحاد کی علامت
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے تمام سرکاری و نجی اداروں سے اپیل کی کہ وہ 3 نومبر کو صبح 11 بجے ایک ساتھ پرچم لہرائیں۔ اپنے سرکاری بیان میں انہوں نے کہا: “3 نومبر کو ہم یو اے ای فلیگ ڈے مناتے ہیں — یہ دن وفاداری کی تجدید، عزمِ اتحاد اور اپنے وطن سے محبت کے اظہار کا موقع ہے۔”

یہ فلیگ ڈے اس روایت کا 13واں سال ہے جو متحدہ عرب امارات کی مشترکہ شناخت، اتحاد اور روشن مستقبل کے عزم کی یاد دہانی ہے۔

پرچم کی تاریخ اور معنی
متحدہ عرب امارات کا قومی پرچم پہلی بار 2 دسمبر 1971 کو بانیِ مملکت شیخ زاید بن سلطان النہیان نے یومِ اتحاد کے موقع پر لہرایا تھا۔
یہ پرچم عبداللہ المعینہ نے ڈیزائن کیا تھا جنہوں نے 1971 میں اخبار الاتحاد کی جانب سے منعقدہ قومی مقابلہ جیتا تھا۔

پرچم کے رنگ عرب شاعر صفی الدین الحلی کے شعر سے ماخوذ ہیں:
“سفید ہیں ہمارے اعمال، سبز ہیں ہماری زمینیں، سیاہ ہیں ہماری لڑائیاں، اور سرخ ہیں ہماری تلواریں۔”

سرخ رنگ بہادری اور قربانی کی علامت ہے۔
سبز رنگ خوشحالی اور ترقی کی نشانی ہے۔
سفید رنگ امن اور دیانتداری کی علامت ہے۔
سیاہ رنگ طاقت اور عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔

یو اے ای فلیگ گائیڈ لائنز — پرچم لہرانے اور اس کا احترام کرنے کے اصول
وفاقی کابینہ کے جاری کردہ رہنما اصولوں کے مطابق پرچم ہمیشہ احترام کے ساتھ سنبھالا جائے اور صاف ستھرا رکھا جائے۔
اہم ہدایات درج ذیل ہیں:

* پرچم ہمیشہ صاف اور استری شدہ ہو۔
* اگر پرچم پھٹ جائے یا رنگ مدھم ہو جائے تو فوراً نیا پرچم لہرایا جائے۔
* لہرانے سے پہلے اس بات کی تصدیق کی جائے کہ پرچم الجھا ہوا یا خراب نہ ہو۔
* خراب موسم کے بعد پرچم کی حالت کا معائنہ ضروری ہے۔
* پرانے پرچم کو احترام کے ساتھ فولڈ کر کے محفوظ یا ری سائیکل کیا جائے — جلانا منع ہے۔
* پرچم کی توہین، پھاڑنے یا نیچے گرانے جیسے اقدامات جرم ہیں۔
* استعمال کے بعد پرچم کو باقاعدگی سے فولڈ کر کے پرچم باکس میں رکھا جائے۔

قانونی سزائیں
وفاقی فرمان نمبر 2 سال 1971 (ترمیم شدہ قانون نمبر 13 سال 2019) کے مطابق، جو کوئی یو اے ای کے قومی پرچم یا کسی تسلیم شدہ ملک کے پرچم کی توہین کرے، وہ درج ذیل سزاؤں کا مستحق ہوگا:

* 10 سے 25 سال قید
* کم از کم 5 لاکھ درہم جرمانہ

قومی پرچم کی توہین قومی سلامتی کے خلاف جرم تصور کی جاتی ہے۔

پرچم کے غلط استعمال پر پابندیاں

* پرچم پر کوئی لوگو، علامت یا ڈیزائن شامل نہیں کیا جا سکتا (سوائے صدارتی پرچم کے)۔
* پرچم کے سائز یا شکل میں تبدیلی منع ہے۔
* پرچم کو کھانے یا استعمال کے قابل اشیاء (جیسے مٹھائی یا کیک) پر چھاپنا ممنوع ہے۔
* پرچم کو کسی اشتہاری یا تجارتی مقصد کے لیے استعمال کرنا یا اس کی توہین کے مترادف طریقے سے پیش کرنا جرم ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button