متحدہ عرب امارات

راس الخیمہ میں فلائنگ ٹیکسیز کا انقلابی قدم، ایمرجنسی ریسکیو اور سیاحت کا مستقبل بدلنے کو تیار

خلیج اردو
راس الخیمہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں مستقبل قریب میں متعارف کرائی جانے والی "ای وی ٹولز” یا فلائنگ ٹیکسیز نہ صرف سیاحت کا انداز بدل دیں گی بلکہ ہائیکرز کی جان بچانے جیسے ہنگامی حالات میں ہیلی کاپٹرز کا متبادل بھی ثابت ہوں گی۔

یہ بات جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایرودروم آپریشنز انسپکٹر عبدالعظیم سلطان العُلماء نے "موبیلیٹی لائیو” کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا، "فلائنگ ٹیکسیز کو ہم نیشنل کرائسس مینجمنٹ ڈیش بورڈ پر شامل کر رہے ہیں تاکہ رات کے وقت یا دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں ان کا استعمال کیا جا سکے۔”

راس الخیمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ماہر طارق عبد ربوہ کے مطابق، "وادی نقب اور جبل جیس ہائیکنگ کے معروف مقامات ہیں، جہاں سے ریسکیو کالز موصول ہوتی ہیں۔ فی الحال یہ کام ہیلی کاپٹرز سے لیا جاتا ہے، لیکن چھوٹے اور کم شور والے eVTOLs کسی بھی جگہ آسانی سے لینڈ کر سکتے ہیں۔”

نقل و حمل کا نیا ماڈل

طارق نے مزید بتایا کہ سیاحوں کے لیے فلائنگ ٹیکسیز کا استعمال وقت کی بڑی بچت ثابت ہو گا۔ "مرجان آئی لینڈ سے لے کر یو اے ای کی سب سے بلند چوٹی جبل جیس تک کا سفر کار سے تقریباً 50-55 منٹ کا ہوتا ہے، جب کہ ای وی ٹول سے یہ سفر صرف 15 منٹ میں مکمل ہو جائے گا۔”

ابتدائی طور پر یہ سفر مہنگا اور خاص طبقے تک محدود ہو گا، لیکن مستقبل میں اس کی قیمت کم ہو جائے گی اور یہ ایک پائیدار اور جامع ٹرانسپورٹ سسٹم کا حصہ بن جائے گا۔

2027 سے سروس کی شروعات

پچھلے سال اعلان کیا گیا تھا کہ راس الخیمہ میں 2027 سے فلائنگ ٹیکسیز کی باقاعدہ سروس شروع کی جائے گی۔ اس سلسلے میں اسکائی پورٹس انفراسٹرکچر سے معاہدے بھی کیے گئے ہیں تاکہ بین الاقوامی ہوائی اڈے، مرجان آئی لینڈ، الحمرا اور جبل جیس میں ورٹی پورٹس بنائے جائیں۔

RAK ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے فرخ خان کے مطابق، "ہم صرف ورٹی پورٹس نہیں، بلکہ ایک مکمل موبیلیٹی حب تعمیر کرنا چاہتے ہیں، جو روایتی اور جدید ٹرانسپورٹ کے تمام ذرائع کو مربوط کرے گا۔”

ریگولیٹری فریم ورک بھی تیار

جی سی اے اے نے eVTOLs کے لیے باقاعدہ اجازت نامے اور قواعد و ضوابط بھی مرتب کر لیے ہیں۔ عبدالعظیم کے مطابق، اب یہ جدید فضائی گاڑیاں موجودہ ہیلی پورٹس سے بھی آپریٹ کی جا سکیں گی۔

ایک ہائبرڈ آپریشن ایریا ابو ظہبی میں کمپنی "آرچر” کے ساتھ شراکت میں قائم کیا جا رہا ہے، جو متحدہ عرب امارات میں ایڈوانسڈ ایئر موبیلیٹی (AAM) کے عمل کو آسان بنائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button