
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات نے ایران کی جانب سے ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران کو ان حملوں اور ان کے تمام تر نتائج کا مکمل ذمہ دار قرار دے دیا۔
اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی ڈرون کو یو اے ای کی علاقائی سمندری حدود کے اوپر فضائی دفاعی نظام نے روک لیا۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ حملہ خطرناک کشیدگی اور امارات کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کی کھلی خلاف ورزی ہے جبکہ شہریوں اور رہائشیوں کی سلامتی کے لیے بھی براہ راست خطرہ ہے۔
یو اے ای نے واضح کیا کہ دشمنانہ حملے ناقابل قبول جارحیت اور ملکی سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کے لیے براہ راست خطرہ ہیں جو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔
اماراتی حکومت نے کہا کہ کسی بھی صورت میں اپنی سلامتی اور خودمختاری کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یو اے ای کو بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنی خودمختاری، قومی سلامتی، علاقائی سالمیت اور شہریوں، رہائشیوں و سیاحوں کے تحفظ کے لیے ایسے حملوں کا جواب دینے کا مکمل اور جائز حق حاصل ہے۔
وزارت خارجہ نے تمام قانونی اور انسانی بنیادوں پر حملوں کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دشمنانہ کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں اور تمام فریق مکمل جنگ بندی پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔







