
خلیج اردو
وزارت برائے انسانی وسائل و اماراتائزیشن نے عیدالفطر 2026 کے موقع پر دو غیر ملکی محنت کشوں کو ان کی محنت اور لگن کے اعتراف میں گاڑیاں تحفے میں دے دیں، جن میں پاکستان کے خرشید خان اور بنگلہ دیش کے عالمگیر سکندر شامل ہیں۔
یہ اقدام عید کی خوشیوں میں کارکنوں کو شریک کرنے اور ان کی خدمات کو سراہنے کے لیے کیا گیا، جس کا مقصد کام کے ماحول میں حوصلہ افزائی اور مثبت جذبہ پیدا کرنا ہے۔
خرشید خان، جو گزشتہ 15 برس سے دبئی میں فورمین کے طور پر کام کر رہے ہیں، نے بتایا کہ انہوں نے قرعہ اندازی میں حصہ لے کر یہ انعام جیتا۔ ان کے مطابق ان کے اہل خانہ اس خوشخبری پر بے حد خوش ہیں، تاہم انہوں نے گاڑی کے بجائے رقم لینے کو ترجیح دی۔
اسی طرح عالمگیر سکندر، جو 2008 سے دبئی میں بطور بڑھئی کام کر رہے ہیں، نے بھی گاڑی کے بجائے نقد رقم لینے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس رقم سے اپنے ملک میں چھوٹا کاروبار شروع کرنا یا کچھ حصہ فلاحی کاموں میں خرچ کرنا چاہتے ہیں۔
یہ اقدام یو اے ای کی جانب سے اپنے محنت کش طبقے کی حوصلہ افزائی اور خوشحالی کو فروغ دینے کی پالیسی کا حصہ ہے، جس کے تحت مختلف مواقع پر کارکنوں کو اعزازات اور مراعات دی جاتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایسے اقدامات نہ صرف کارکنوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت پیغام بھی دیتے ہیں کہ محنت اور دیانت کا صلہ ضرور ملتا ہے۔







