
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ابو ظہبی پولیس نے شہریوں کو اہم حفاظتی ہدایات جاری کر دیں۔
پولیس کے مطابق ڈرائیورز کو بارش کے دوران پلوں اور سرنگوں کے نیچے گاڑیاں پارک کرنے سے سختی سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ اس سے ٹریفک جام اور حادثات کے خطرات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان مقامات پر جگہ محدود ہونے کے باعث معمولی غلطی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، جبکہ بارش کے دوران حدِ نگاہ کم ہونے اور سڑک پھسلن کا شکار ہونے سے خطرات مزید بڑھ جاتے ہیں۔
ابو ظہبی پولیس نے ہدایت کی کہ گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر پارک کیا جائے اور ڈرائیونگ کے دوران مناسب فاصلہ برقرار رکھا جائے، رفتار کم رکھی جائے اور کسی بھی قسم کی توجہ ہٹانے والی سرگرمی سے اجتناب کیا جائے۔
مزید برآں نشیبی علاقوں، پانی جمع ہونے والی جگہوں، وادیوں اور پہاڑی علاقوں میں جانے سے بھی گریز کی تاکید کی گئی ہے کیونکہ وہاں اچانک پانی کا بہاؤ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
حکام کے مطابق ان احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے شہری نہ صرف اپنی بلکہ دیگر افراد کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنا سکتے ہیں۔







