
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات نے ایک بار پھر دنیا کے محفوظ ترین ممالک کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ یہ اعزاز ’نمبیو سیفٹی انڈیکس بائے کنٹری 2025 مڈ ایئر‘ کے مطابق دیا گیا، جس میں یو اے ای نے 85.2 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست مقام حاصل کیا۔
نمبیو، جو ایک معروف آن لائن کراؤڈ سورس ڈیٹا بیس ہے، کے مطابق دوسرے نمبر پر انڈورا (84.8 پوائنٹس)، تیسرے پر قطر (84.6)، جبکہ تائیوان اور مکاؤ (چین) چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔
متحدہ عرب امارات، جو 200 سے زائد قومیتوں کا مسکن ہے، نہ صرف معیارِ زندگی بلکہ امن و امان کے حوالے سے بھی عالمی سطح پر پہچانا جاتا ہے۔ رواں سال مارچ میں یو اے ای دوسرے نمبر پر رہا تھا جبکہ اُس وقت انڈورا نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
عرب خطے میں نمایاں برتری
سعودی عرب اس فہرست میں 14 ویں، بحرین 15 ویں، کویت 38 ویں، اور اردن 54 ویں نمبر پر رہا۔ پاکستان 62 ویں پوزیشن پر رہا، جبکہ فلپائن اور بھارت بالترتیب 66 اور 67 ویں نمبر پر موجود تھے۔
برطانیہ 86 ویں اور امریکہ 91 ویں نمبر پر رہے، جن کے انڈیکس پوائنٹس بالترتیب 51.6 اور 50.8 تھے۔
ابوظہبی دنیا کا محفوظ ترین شہر
نمبیو کے کرائم اینڈ سیفٹی انڈیکسز کے مطابق ابوظہبی کو دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں سرفہرست قرار دیا گیا، جہاں سیفٹی انڈیکس 88.2 اور کرائم انڈیکس محض 11.8 رہا۔ دبئی بھی پانچویں نمبر پر دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں شامل ہے۔
گزشتہ برس اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے گلوبل لائیویبلیٹی انڈیکس 2024 میں بھی ابوظہبی اور دبئی مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ میں بہترین شہروں کے طور پر سامنے آئے، جہاں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔







