متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات نے سوڈان کے خرطوم ایئرپورٹ حملے میں اماراتی ڈرون ملوث ہونے کے الزامات مسترد کر دیے، انہیں بے بنیاد پروپیگنڈا قرار دے کر جنگ کے خاتمے پر زور دیا

خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے سوڈان کی جانب سے خرطوم ایئرپورٹ پر حملے میں اماراتی ڈرون کے ملوث ہونے کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے اور انہیں "بے بنیاد” اور "منظم پروپیگنڈا مہم” قرار دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بیان میں کہا کہ پورٹ سوڈان اتھارٹی کی جانب سے ایسے بے بنیاد الزامات میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جو نہ صرف حقیقت کے منافی ہیں بلکہ خطے میں امن کے قیام کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔

بیان کے مطابق یہ الزامات ایک "سوچی سمجھی حکمت عملی” کا حصہ ہیں، جس کے تحت اپنی ذمہ داری سے بچنے کے لیے دوسروں پر الزام تراشی کی جا رہی ہے، جبکہ اس طرزِ عمل سے جنگ کے طول پکڑنے اور امن عمل میں رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

متحدہ عرب امارات نے پورٹ سوڈان اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی پلیٹ فارمز کے غلط استعمال سے باز آئے اور اس کے بجائے سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے اور عوام کے تحفظ پر توجہ دے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق خرطوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیر کے روز حملہ ہوا جس میں فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

واضح رہے کہ سوڈان اپریل 2023 سے خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث خطے میں عدم استحکام برقرار ہے، جبکہ ایتھوپیا نے بھی ان الزامات کو مسترد کیا ہے کہ مبینہ ڈرون اس کی سرزمین سے اڑے تھے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button