
خلیج اردو
ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں شادی کی تیاریوں کے بڑھتے ہوئے اخراجات سے پریشان نوجوانوں کے لیے خوشخبری، اب صرف 50 درہم میں شادی کی مکمل منصوبہ بندی ممکن ہو گئی ہے۔ ابوظبی کے شہری سہیل سالم التونیجی کی قائم کردہ "زواج فاؤنڈیشن” نے شادی کے خواب کو ہر طبقے کے لیے قابلِ رسائی بنانے کا بیڑا اٹھا لیا ہے۔
زواج (عربی میں "شادی”) فاؤنڈیشن میں شہری اور رہائشی اپنی آمدنی کے مطابق پیکجز حاصل کر سکتے ہیں، جن میں ریگولر، کم آمدنی، انتہائی کم آمدنی، اور معذور افراد کے لیے مخصوص پیکجز شامل ہیں۔ صرف اماراتی شناختی کارڈ اور 50 درہم فیس کے ساتھ رجسٹریشن مکمل کی جا سکتی ہے۔
شادی کی مکمل خدمات ایک جگہ
فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کردہ خدمات میں شادی کی تقریبات کا مکمل بندوبست، ہوٹل بکنگ، اسٹیج اور کھانے کے انتظامات، اور سیاحتی کمپنیوں کے اشتراک سے ہنی مون پیکجز شامل ہیں۔ خواتین کے لیے ہوم سروس کا بھی انتظام ہے، جہاں ٹیم ان کے گھروں میں آکر تمام تفصیلات طے کرتی ہے۔
فاؤنڈیشن بیوٹی سیلونز اور ہوٹلوں کے ساتھ رعایتی معاہدے بھی کر رہی ہے تاکہ ہر طبقے کو معیاری خدمات سستی قیمت پر فراہم کی جا سکیں۔
آمدنی کے مطابق پیکجز
سہیل التونیجی کے مطابق خدمات کو صارف کی آمدنی کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے:
-
زیادہ آمدنی والے افراد: 100,000 درہم یا اس سے زائد ماہانہ آمدنی
-
محدود آمدنی والے: 60,000 درہم ماہانہ یا اس سے کم
-
انتہائی کم آمدنی والے: ماہانہ آمدنی کی بنیاد پر
-
معذور افراد: 30,000 درہم سے کم بجٹ میں شادی کا مکمل انتظام، گھریلو سہولت کے ساتھ
فاؤنڈیشن کے بانی کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد نوجوانوں پر قرض اور مالی دباؤ کو کم کرنا ہے، تاکہ وہ خوشی کے اس موقع پر بوجھ محسوس نہ کریں۔
رجسٹریشن کا طریقہ
زواج فاؤنڈیشن میں رجسٹریشن کا عمل انتہائی آسان رکھا گیا ہے۔ صرف اماراتی شناختی کارڈ کے ساتھ 50 درہم کی فائل اوپننگ فیس ادا کرنا ہو گی۔ پیکج منتخب کرتے وقت کل لاگت کا 50 فیصد ادا کرنا ہو گا، جبکہ باقی رقم شادی سے 24 گھنٹے قبل مکمل کرنی ہو گی۔
فاؤنڈیشن کا باضابطہ افتتاح 27 مئی کو متوقع ہے، جبکہ ابوظبی میں چھ ماہ بعد دوسرا مرکز بھی کھولا جائے گا۔
سہیل التونیجی نے حکومت سے اخلاقی حمایت اور سرکاری اداروں کے ساتھ شراکت داری کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے تاکہ خدمات کو مزید وسعت دی جا سکے۔







