متحدہ عرب امارات

یو اے ای کے رہائشیوں کا ویزا تاخیر کے باعث ٹھنڈے اور سستے مقامات کی جانب رجحان

خلیج اردو
دبئی: عید الاضحیٰ اور گرمیوں کی چھٹیوں کے قریب آتے ہی متحدہ عرب امارات کے رہائشی یورپ جیسے مہنگے اور ویزا کے لیے پیچیدہ ممالک کی بجائے ایسے سیاحتی مقامات کو ترجیح دے رہے ہیں جو نسبتاً ٹھنڈے، سستے اور ویزا کے معاملے میں آسان ہوں۔

متحدہ عرب امارات میں سفری ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ غیر شینگن ممالک کی جانب رجحان میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں موسم خوشگوار ہے اور ویزا کا حصول نسبتاً آسان ہے۔ ان میں عمان کا صلالہ، سعودی عرب کا عسیر ریجن، بالی، جاپان، زنجیبار، آرمینیا، آذربائیجان اور جارجیا جیسے مقامات شامل ہیں۔

یو اے ای میں رہنے والے شہری 5 سے 8 جون کے دوران عید الاضحیٰ پر چار دن کی چھٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔ عام طور پر جون سے اگست کے درمیان اسکولوں کی چھٹیوں کے دوران رہائشی برطانیہ، سوئٹزرلینڈ، فرانس، جرمنی اور اٹلی جیسے ٹھنڈے یورپی ممالک کا رخ کرتے ہیں، لیکن اس سال شینگن اور امریکی ویزا میں تاخیر نے سفری منصوبے بدل دیے ہیں۔

ویگو کے چیف بزنس آفیسر مامون حمیدان کے مطابق، "ہم نے پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال غیر شینگن اور ٹھنڈے مقامات کی تلاش میں اضافہ دیکھا ہے۔ ویزا تاخیر، مختصر نوٹس پر سفر کی خواہش اور کم کاغذی کارروائی اس تبدیلی کی بڑی وجوہات ہیں۔”

مسافر ڈاٹ کام کی آپریشنز نائب صدر رشیدہ زاہد نے بتایا کہ خاص طور پر آخری لمحے میں سفر کرنے والوں میں ایسے ممالک کی مانگ بڑھی ہے جو جلدی ویزا دیتے ہیں اور موسم بھی خوشگوار ہوتا ہے۔

وائزا فرینڈلی اور قابل رسائی مقامات
جی سی سی ممالک کے سیاحوں کے لیے سعودی عرب کا عسیر اور ابہا، خاص طور پر حج کے بعد، اور عمان کا صلالہ، خریف سیزن میں بہت مقبول ہو رہے ہیں۔ ان کے علاوہ ویزا پر آسانی دینے والے ممالک جیسے زنجیبار، بالی، جاپان، نیپال، جارجیا، آلماتی، آرمینیا، تاشقند، سری لنکا، ماریشس، سیشلز، ترابزون اور انطالیہ جیسے ترک شہروں کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے۔

سستے سفری پیکجز کی دستیابی
رشیدہ زاہد کے مطابق، ٹھنڈے ممالک کے لیے مکمل پیکجز صرف 2,200 درہم سے شروع ہو رہے ہیں، جن میں پروازیں، رہائش، ٹرانسفر اور ٹورز شامل ہیں۔ مامون حمیدان کے مطابق، جارجیا کا دارالحکومت تبلیسی اور پہاڑی علاقہ کازبگی، نہ صرف موسم کی وجہ سے بلکہ ویزا فری داخلے کی سہولت کی بنا پر بھی مقبول ہیں۔ ان کی اوسط فضائی کرایہ تقریباً 1,375 درہم ہے۔ آرمینیا بھی آسان ای ویزا یا ویزا فری رسائی اور صرف 850 درہم کے ایئر فئیر کی وجہ سے بجٹ میں سفر کرنے والوں کے لیے بہترین انتخاب بن چکا ہے۔

اسی طرح آذربائیجان کا دارالحکومت باکو بھی اپنی جدید طرز زندگی اور بحیرہ قزوین کی ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔

نئے اور غیر معروف مقامات کی تلاش
حالیہ رجحان کے مطابق، یو اے ای کے رہائشی روایتی اور رش والے سیاحتی مقامات کے بجائے کم معروف اور پُرسکون علاقوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔ مامون حمیدان نے کہا کہ، "سفر کے وقت کو ویزا اپوائنٹمنٹ کی دستیابی سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، لچکدار اور ریفنڈیبل ٹرپس بک کی جا رہی ہیں، اور متبادل مقامات چُنے جا رہے ہیں۔”

رشیدہ زاہد کے مطابق، اب سیاح خاص طور پر گرمیوں کی چھٹیوں کے لیے چار سے چھ ماہ پہلے منصوبہ بندی شروع کر دیتے ہیں تاکہ ویزا کے مسائل سے بچا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button