
خلیج اردو
دبئی:متحدہ عرب امارات کی وزارتِ ماحولیات و ماحولیاتی تبدیلی نے واضح کیا ہے کہ ’’یورینس اسٹار‘‘ نامی بوتل بند پانی یا اس برانڈ کی کسی بھی دوسری مصنوعات کی درآمد یا فروخت کے لیے کوئی سرکاری اجازت نامہ جاری نہیں کیا گیا۔ وزارت کے مطابق یہ مصنوعات ملک کے بڑے ریٹیل مراکز پر بھی دستیاب نہیں پائی گئیں۔
یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب سلطنتِ عمان میں ’’یورینس اسٹار‘‘ برانڈ کا پانی پینے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق 29 ستمبر کو ایک غیر ملکی خاتون اور یکم اکتوبر کو ایک عمانی شہری ہسپتال میں انتقال کر گئے، جب کہ ان کے اہل خانہ بھی متاثر ہوئے۔
عمانی حکام نے فوری طور پر اس پروڈکٹ کے خلاف عوامی انتباہ جاری کرتے ہوئے اسے مارکیٹ سے واپس بلا لیا۔ لیبارٹری تجزیے میں انکشاف ہوا کہ بوتلوں میں ’’ایمفیٹامین‘‘ نامی نشہ آور کیمیکل جان بوجھ کر شامل کیا گیا تھا۔
یو اے ای کی وزارتِ ماحولیات نے کہا کہ خطے کی مارکیٹ میں سامنے آنے والی اس پیش رفت کے بعد ہنگامی بنیادوں پر تصدیقی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس مقصد کے لیے تمام مقامی فوڈ سیفٹی اتھارٹیز سے براہ راست رابطہ کیا گیا اور ملک کے تمام داخلی راستوں پر خوراک کی ترسیل کے ریکارڈز کا از سرِ نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔
وزارت نے مزید کہا کہ نگرانی کے عمل کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ ’’یورینس اسٹار‘‘ برانڈ یا اس کی کسی بھی متعلّقہ پروڈکٹ کی درآمد یا تقسیم کی کوئی اجازت جاری نہ ہو سکے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کے پاس ’’یورینس اسٹار‘‘ بوتل بند پانی موجود ہے تو اسے فوراً تلف کر دیں اور ہرگز استعمال نہ کریں، تاکہ صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔







