
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات نے نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں مزید تیز کر دیں، یو اے ای ایڈ ایجنسی کے ذریعے 20 ٹن امدادی سامان اور خصوصی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم پر مشتمل تیسرا امدادی طیارہ نیپال پہنچ گیا۔
نیپال میں تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 294 تک پہنچ گئی جبکہ 5 ہزار 53 افراد تاحال لاپتا ہیں، لاپتا افراد میں 583 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق تبت میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 31 ہوگئی جبکہ 531 افراد لاپتا ہیں۔
نیپال کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے آنے والی تباہی سے املاک، گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو کم از کم 387.5 ارب نیپالی روپے یعنی تقریباً 2.56 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا۔
امدادی کارروائیوں کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے تریشولی دریا پر قائم ہائیڈرو پاور اسٹیشن سے منسلک ایک سرنگ سے دو افراد کو زندہ نکال لیا، دونوں افراد کو تباہ کن سیلاب اور ملبے کے تودے آنے کے نو روز بعد ریسکیو کیا گیا۔
اقوام متحدہ اور اس کے انسانی امدادی شراکت داروں نے متاثرہ 84 ہزار سے زائد افراد تک فوری امداد پہنچانے کے لیے 4 کروڑ 96 لاکھ ڈالر کی فلیش اپیل بھی جاری کردی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں معاونت کے لیے خصوصی ٹیم نیپال بھیجی گئی ہے جبکہ امدادی طیارے کے ذریعے 20 ٹن ضروری سامان بھی پہنچایا گیا ہے۔







