
خلیج اردو
دبئی:متحدہ عرب امارات کی اسپیشل اولمپکس ٹیم نے اٹلی کے شہر ٹورین میں منعقدہ ورلڈ ونٹر گیمز 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 میڈلز اپنے نام کر لیے۔ 16 مارچ کو اختتام پذیر ہونے والے ان مقابلوں میں یو اے ای کے کھلاڑیوں نے چار گولڈ، پانچ سلور اور سات برانز میڈلز حاصل کیے۔
یو اے ای اسپیشل اولمپکس ٹیم میں 11 کھلاڑی شامل تھے، جنہوں نے مختلف سرمائی کھیلوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ ان کھیلوں میں اسنو رننگ، کراس کنٹری اسکینگ، فگر اسکینگ، الپائن اسکینگ، شارٹ ٹریک اسپیڈ اسکینگ اور اسکیٹ بورڈنگ شامل تھے۔
یہ کامیابی متحدہ عرب امارات کے کھیلوں کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے اور ابوظہبی میں 2019 کے ورلڈ سمر گیمز کی میزبانی کے بعد پہلے ونٹر گیمز میں یو اے ای کا بڑا کارنامہ ہے۔ یہ کارنامہ نہ صرف یو اے ای بلکہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (MENA) کے خطے کے لیے بھی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
اسپیشل اولمپکس یو اے ای کے نیشنل ڈائریکٹر اور ٹورین 2025 میں مشن کے سربراہ طلال الہاشمی نے اس غیرمعمولی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کئی ماہ کی سخت محنت، لگن اور مسلسل تیاریوں کا نتیجہ ہے۔