
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات نے آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا کی کمپنی کے زیر انتظام کارگو جہاز پر ہونے والے ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی بحری سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حملے کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ کارروائی عالمی جہاز رانی کے تحفظ کے خلاف خطرناک اشتعال انگیزی ہے جس کا مقصد اہم بحری راستوں کے استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات جنوبی کوریا کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اس کے بحری جہازوں اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
وزارت خارجہ نے زور دیا کہ تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانا اور آبنائے ہرمز کو معاشی دباؤ یا بلیک میلنگ کے آلے کے طور پر استعمال کرنا کھلی قزاقی کے مترادف ہے اور یہ خطے، عالمی توانائی سلامتی اور بین الاقوامی استحکام کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔
بیان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2817 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ عالمی بحری راستوں کی آزادی کو یقینی بنانا ضروری ہے اور تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی تیل تجارت کا انتہائی اہم راستہ ہے اور اس نوعیت کے حملے خطے میں کشیدگی اور عالمی توانائی منڈیوں میں بے چینی پیدا کر سکتے ہیں۔







