
خلیج اردو
ابوظبہی:ہارو انٹرنیشنل اسکول نے دبئی میں اپنا دوسرا کیمپس کھولنے کا اعلان کر دیا ہے، جو دبئی کی پریمیئم تعلیمی خدمات میں نمایاں اضافہ ثابت ہو گا۔
تعلیم ہولڈنگز (Taaleem Holdings PJSC) نے یہ اعلان ہارو انٹرنیشنل اسکولز لمیٹڈ کے اشتراک سے کیا۔ KHDA کی منظوری اور حسا اسٹریٹ پر 50,000 مربع میٹر زمین کے لیز معاہدے کے بعد یہ منصوبہ حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ اسکول 2025 میں داخلے شروع کرے گا جبکہ 2026 میں مکمل طور پر فعال ہو گا۔
ابتدائی طور پر ایئرلی ایئرز سے گریڈ 6 تک طلبہ کو داخلہ دیا جائے گا، بعد ازاں اس کی گنجائش 2000 طلبہ تک بڑھائی جائے گی۔ کیمپس میں جدید سہولیات، ہارو کی 450 سالہ تعلیمی روایات اور نیورو آرکیٹیکچرل ڈیزائن کو مدنظر رکھا جائے گا۔
ہارو ابوظہبی کے بعد یہ Taaleem کا دوسرا "سپر پریمیئم” منصوبہ ہے۔ برطانوی سفیر ایڈورڈ ہوبارٹ کے مطابق یہ ادارہ یو اے ای اور برطانیہ کے درمیان مضبوط تعلیمی روابط کا مظہر ہے اور مستقبل کے رہنماؤں کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تعلیم کے چیئرمین خالد الطائر نے کہا کہ ہارو دبئی میں ایک ایسا تعلیمی ماحول فراہم کرے گا جہاں تخلیق، قیادت، اور شاندار تعلیم کو یکجا کیا جائے گا۔ ہارو انٹرنیشنل اسکولز کی چیئرپرسن میل مروویک نے بھی زور دیا کہ یہ اسکول نئی نسل کو عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرے گا۔







