متحدہ عرب امارات

ایران پر امریکی حملے کے بعد متحدہ عرب امارات کی کشیدگی کے خاتمے کی اپیل، سفارتکاری پر زور

خلیج اردو
ابوظہبی، 23 جون 2025ء
متحدہ عرب امارات نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکہ کے حملے کے بعد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے فوری طور پر کشیدگی ختم کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ خطے کو "سنگین نتائج” سے بچایا جا سکے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کے اقدامات مشرق وسطیٰ کو "عدم استحکام کی نئی سطحوں” تک لے جا سکتے ہیں، جس سے نہ صرف خطہ بلکہ عالمی سلامتی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

بیان میں ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے خاتمے کے لیے سفارتکاری اور مکالمے کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

اماراتی وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس حساس اور خطرناک صورت حال کے حل کے لیے اجتماعی کوششیں تیز کرے تاکہ تنازعے کے بجائے استحکام، خوشحالی اور انصاف پر مبنی جامع حل نکالا جا سکے۔

بیان میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے خطے کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں، کیونکہ موجودہ کشیدگی بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کے لیے بڑھتا ہوا خطرہ بنتی جا رہی ہے۔

متحدہ عرب امارات نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کے تاریخی تجربات اور ماضی کی جنگوں سے سبق لیتے ہوئے موجودہ حالات میں دانشمندی اور ذمہ داری کا تقاضا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے بنیادی مسائل کو حل کیا جائے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button