
خلیج اردو
نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے متحدہ عرب امارات میں غیر مستحکم موسم کی آخری اور شدید لہر کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے تحت جمعرات کی رات سے جمعہ تک تیز بارش، گرج چمک، آسمانی بجلی اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔
حکام کے مطابق ملک پہلے ہی بارشوں کی متعدد لہروں سے متاثر ہو چکا ہے جو مغربی علاقوں، ساحلی شہروں اور اندرونی علاقوں تک پھیل چکی ہیں۔ بدھ کے روز ابوظہبی میں موسم نے تیزی سے رخ بدلا، جہاں تیز ہواؤں کے بعد ہلکی بارش اچانک موسلادھار بارش میں تبدیل ہو گئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز بھی بادلوں کی سرگرمی جاری رہے گی، جو الظفرہ، ابوظہبی اور پھر شمالی و مشرقی علاقوں کی جانب بڑھیں گے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارش ہوگی۔
جمعرات کو کچھ وقت کیلئے موسم میں ہلکی بہتری متوقع ہے، تاہم وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش جاری رہ سکتی ہے، خاص طور پر جزیروں اور شمالی علاقوں میں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے شدید اثرات جمعرات کی رات سے جمعہ تک دیکھنے کو ملیں گے، جب یہ آخری موسمی لہر پورے ملک کو متاثر کرے گی۔ اس دوران مغربی علاقوں سے شروع ہونے والی بارش الظفرہ، ابوظہبی، پھر شمالی امارات، العین اور مشرقی علاقوں تک پھیل جائے گی۔
اس مرحلے میں شدید بارش، گرج چمک، آسمانی بجلی اور محدود علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ تیز ہواؤں کے باعث گرد و غبار اٹھنے سے حدِ نگاہ بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ سمندر میں بھی طغیانی رہے گی اور خلیج عرب اور بحیرہ عمان میں حالات خراب رہنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ سے موسم میں بہتری آئے گی، بادل کم ہوں گے اور درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی۔







