
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں ہفتے کے روز موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق دوپہر کے وقت مشرقی علاقوں میں گرج چمک والے بادل بننے اور بارش کا امکان ہے۔ درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کی توقع ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں رات اور اتوار کی صبح موسم مرطوب رہنے کے ساتھ ہلکی دھند بھی چھا سکتی ہے۔
دبئی، ابوظبی اور شارجہ میں ہفتے کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 32، 31 اور 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ہوائیں جنوب مشرق سے شمال مشرق کی جانب چلیں گی جن کی رفتار 10 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ بادلوں کے ساتھ بعض اوقات 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
این سی ایم کے مطابق بحیرہ عرب میں سمندر کی کیفیت ہلکی سے معتدل جبکہ بحیرہ عمان میں ہلکی رہنے کا امکان ہے۔ جمعہ کو ملک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت العین کے علاقے سویحان میں 46.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔






