
خلیج اردو
ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شام پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ اماراتی وزارت خارجہ نے اسے شام میں ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلیجی دورے کے دوران منگل کو شام پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بدھ کو انہوں نے ریاض میں شام کے عبوری صدر احمد الشراع سے ملاقات بھی کی اور کہا کہ امریکہ دمشق کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔
ٹرمپ نے ریاض میں ایک تقریر کے دوران کہا، ’’میں شام کے خلاف پابندیاں ختم کرنے کا حکم دوں گا تاکہ انہیں عظمت کا موقع دیا جا سکے۔‘‘ اس اعلان پر شرکاء نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں شام کے عوام کی امنگوں کی تکمیل کے لیے اپنی مستقل حمایت کا اعادہ کیا اور اس ضمن میں سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔
وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت شام کی معیشت کی بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے کے آغاز میں مددگار ثابت ہوگی اور شام کے برادر عوام کے لیے ترقی و استحکام کا باعث بنے گی۔
وزارت خارجہ نے شام کے عوام کی سلامتی، پرامن بقائے باہمی اور ترقی کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔







