متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں بھارتی قونصلر سروسز میں بڑی تبدیلی، نیا فراہم کنندہ اور یکساں فیس کا اعلان

خلیج اردو
دبئی: یو اے ای میں مقیم بھارتی شہریوں کے لیے پاسپورٹ اور دیگر قونصلر سروسز میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں، جہاں بھارتی سفارتخانے نے یہ خدمات اب الہند ٹورز اینڈ ٹریولز پرائیویٹ لمیٹڈ کے سپرد کر دی ہیں۔ اس سے قبل یہ ذمہ داری بی ایل ایس انٹرنیشنل کے پاس تھی، تاہم آئندہ ہفتوں میں نیا نظام متعارف کرایا جائے گا۔

حکام کے مطابق سروسز کا طریقہ کار زیادہ تبدیل نہیں ہوگا، تاہم ویب سائٹ، دفاتر اور سروس فراہم کرنے والا ادارہ بدل جائے گا۔ شہری نئی ویب سائٹ کے ذریعے درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

الہند کمپنی کے دفاتر یو اے ای کے 16 مختلف مقامات پر قائم کیے جائیں گے، جن میں ابو ظبی، دبئی، کلبا، خورفکان اور فجیرہ شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق سروس چارجز یکساں ہوں گے اور موجودہ فیس سے کم رکھے جائیں گے، جبکہ اضافی طور پر تقریباً 19 درہم کی معمولی فیس لی جائے گی جس میں فوٹوگرافی اور فوٹو کاپی جیسی سہولیات شامل ہوں گی۔

یہ کنٹریکٹ پاسپورٹ تجدید، ویزا پراسیسنگ، او سی آئی کارڈ، پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ، سرنڈر سرٹیفکیٹ، گلوبل انٹری پروگرام ویریفیکیشن اور دیگر دستاویزی تصدیقی خدمات کا احاطہ کرتا ہے۔

امکان ہے کہ نئی سروسز کا آغاز یکم جولائی سے کیا جائے گا، جبکہ شہریوں کو مکمل تفصیلات بروقت فراہم کی جائیں گی۔ الہند گروپ، جو 1992 میں قائم ہوا، پہلے ہی بھارت میں دستاویزات کی تصدیق کے متعدد مراکز چلا رہا ہے اور اس شعبے میں وسیع تجربہ رکھتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button