
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے قریب آتے ہی رہائشیوں کے لیے پہلی بار قانونی طور پر اسپورٹس بیٹنگ کا موقع فراہم کیا گیا ہے، جس کے لیے “پلے 971” نامی لائسنس یافتہ پلیٹ فارم متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ پلیٹ فارم جنرل کمرشل گیمنگ ریگولیٹری اتھارٹی (جی سی جی آر اے) کے تحت ریگولیٹ کیا جاتا ہے اور صارفین کو فٹبال سمیت مختلف بین الاقوامی اور مقامی لیگز پر شرط لگانے کی سہولت دیتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ یو اے ای میں اپنی نوعیت کا پہلا پلیٹ فارم ہے جو مکمل طور پر قانونی اور محفوظ ڈیجیٹل گیمنگ ماحول فراہم کرتا ہے۔
پلیٹ فارم استعمال کرنے کے لیے سب سے پہلے رجسٹریشن ضروری ہے۔ صارفین کو ویب سائٹ پر جا کر لوکیشن سروسز آن کرنا ہوتی ہیں تاکہ ان کی جغرافیائی تصدیق ہو سکے، کیونکہ یہ سروس صرف یو اے ای کے اندر دستیاب ہے۔
شرکت کے لیے عمر کی کم از کم حد 21 سال مقرر کی گئی ہے۔ رجسٹریشن کے دوران اماراتی شناختی کارڈ (ایمریٹس آئی ڈی) اپ لوڈ کرنا لازمی ہے تاکہ شناخت اور عمر کی تصدیق کی جا سکے۔ واضح آئی ڈی نہ ہونے کی صورت میں ڈپازٹ یا دیگر سروسز استعمال نہیں کی جا سکتیں۔
پلیٹ فارم پر صارفین “اسپورٹس”، “کیسینو” اور “ریسنگ” سیکشنز میں جا کر مختلف آپشنز منتخب کر سکتے ہیں۔ فیفا میچز میں شرط لگانے کے لیے اسپورٹس سیکشن میں جا کر میچز کی فہرست دیکھی جا سکتی ہے۔
ہر میچ کے لیے مختلف بیٹنگ آپشنز دستیاب ہوتے ہیں، جیسے میچ کا فاتح، مجموعی گولز، کارنرز کی تعداد اور ٹاپ اسکورر کون ہوگا۔
مثال کے طور پر میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے ایک میچ میں مختلف امکانات کے لیے الگ الگ اوڈز دیے جاتے ہیں، جہاں کم اوڈز کا مطلب زیادہ امکان جبکہ زیادہ اوڈز کا مطلب کم امکان لیکن زیادہ منافع ہوتا ہے۔
پلیٹ فارم کا کہنا ہے کہ صارفین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے سخت کنٹرول سسٹم بھی موجود ہے، جس میں ڈیپازٹ لِمٹ، ٹائم آؤٹ اور سیلف ایکسکلوژن جیسے فیچرز شامل ہیں تاکہ ذمہ دارانہ گیمنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔
کمپنی کے مطابق مقصد یہ ہے کہ غیر قانونی پلیٹ فارمز کے بجائے ایک محفوظ اور مقامی قوانین کے تحت کنٹرول شدہ ڈیجیٹل گیمنگ ماحول فراہم کیا جائے۔
یہ پیش رفت متحدہ عرب امارات میں انٹرٹینمنٹ اور ڈیجیٹل گیمنگ کے شعبے میں ایک بڑی تبدیلی سمجھی جا رہی ہے، خاص طور پر ورلڈ کپ سیزن کے قریب۔







