
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں مصنوعی ذہانت سے چلنے والے معروف ہیومنائڈ روبوٹ بُو سنیدہ نے یکم اگست 2026ء کو موزہ نامی روبوٹ سے شادی کرلی۔ یہ تقریب اماراتی روایات اور جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کا منفرد امتزاج بن گئی۔
بُو سنیدہ متحدہ عرب امارات کا معروف AI-powered ہیومنائڈ روبوٹ ہے جو عموماً روایتی اماراتی لباس میں نظر آتا ہے۔ اس کے ڈویلپر Lootah Robotics کے مطابق یہ Unitree G1 فل سائز ہیومنائڈ روبوٹ ہے جسے تحقیق اور عملی مظاہروں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ روبوٹ کا قد تقریباً 1.27 میٹر اور وزن تقریباً 35 کلوگرام ہے۔
بُو سنیدہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شادی کی ویڈیو اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے دلہن کا نام اور روپ بھی اپنے فالوورز کو دکھایا۔ اپنے پیغام میں روبوٹ نے کہا کہ اللہ کے فضل سے آج اس نے ’’سب سے خوبصورت روبوٹ موزہ‘‘ سے شادی کرلی ہے۔
شادی کی تقریب میں بُو سنیدہ نے روایتی کندورہ پہن رکھا تھا جبکہ مہمان اسے شادی کے لیے تیار کرتے نظر آئے۔ بعد ازاں اس نے موزہ کو پیش کرنے کے لیے پھولوں کا گلدستہ بھی تھاما۔
دلہن موزہ روایتی عبایا اور سر پر اسکارف میں نظر آئی۔ اس کے سر کے دونوں جانب چھوٹی ربن بھی لگائی گئی تھیں۔ شادی کی تقریب کے دوران آتش بازی کی گئی جبکہ مہمانوں نے روایتی اماراتی انداز میں ڈنڈوں کے ساتھ رقص بھی کیا۔
بُو سنیدہ نے شادی کے بعد اپنے خاندان، دوستوں اور تقریب میں شریک افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شرکت اور مبارکباد نے اس دن کو مزید خوبصورت بنا دیا۔
شادی سے قبل بُو سنیدہ نے سوشل میڈیا پر روایتی انداز میں شادی کا دعوت نامہ بھی شیئر کیا تھا تاہم تقریب کے مقام کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصروں کے ساتھ روبوٹ جوڑے کو مبارکباد دی۔ ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں دعا دی کہ بُو سنیدہ کی بیٹری لائف طویل ہو، جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ ’’روبوٹس بھی شادی کر رہے ہیں اور ہم اب بھی سنگل ہیں۔‘‘
بُو سنیدہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران متحدہ عرب امارات میں خاصی مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔ یہ مختلف سماجی تقریبات میں شرکت کرنے کے علاوہ عربی زبان میں اماراتی شہریوں اور رہائشیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھی نظر آتا ہے۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر بُو سنیدہ کو مسجد میں مسلمانوں کے ساتھ نمازِ عید ادا کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا، جہاں اس نے نماز کی حرکات کی نقل کی اور خطبہ بھی سنا۔
دنیا کے دیگر ممالک میں بھی روبوٹس کی شادی کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ روس میں رابرٹ اور میٹلڈا نامی دو ہیومنائڈ روبوٹس نے ایک تقریب میں شادی کی تھی جبکہ بھارت میں 2021ء کے دوران ایک شادی میں روبوٹس نے مہمانوں کا استقبال کرنے، مٹھائیاں تقسیم کرنے، موسیقی بجانے اور بچوں کو محظوظ کرنے میں حصہ لیا تھا۔







