متحدہ عرب امارات

بھارت کا پہلا نجی راکٹ کامیابی سے مدار میں داخل، خلائی شعبے میں نئی تاریخ رقم

خلیج اردو
بھارت نے اپنے پہلے نجی طور پر تیار کردہ مدار میں جانے والے راکٹ وکرم-1 (Vikram-1) کو کامیابی سے خلا میں بھیج کر خلائی شعبے میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔

نجی کمپنی اسکائی روٹ ایرو اسپیس (Skyroot Aerospace) کے تیار کردہ راکٹ نے کامیاب پرواز کے تقریباً 15 منٹ بعد مدار میں داخل ہو کر اپنا مشن مکمل کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ بھارت نجی شعبے کی مدار تک رسائی کی صلاحیت رکھنے والا دنیا کا تیسرا ملک بن گیا۔

راکٹ کے کامیاب لانچ کے بعد کنٹرول روم میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جہاں مشن ڈائریکٹر نے اسے "شاندار کامیابی” قرار دیا، جبکہ انجینئرز اور سائنس دانوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔

مشن کے دوران راکٹ نے 453 کلومیٹر بلند مدار تک رسائی حاصل کی، جو ابتدائی اہداف سے بھی بہتر کارکردگی قرار دی گئی۔ راکٹ میں نصب تھری ڈی پرنٹڈ مائع انجن نے خلا میں کامیابی سے کام کرتے ہوئے مدار تک پہنچنے کے آخری مرحلے کو مکمل کیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اسکائی روٹ ایرو اسپیس کے بانیوں پاون کمار اور ناگا بھارت سمیت پوری ٹیم کو کامیاب مشن پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی محنت اور عزم کو سراہا۔

تقریباً سات منزلہ عمارت کے برابر بلند وکرم-1 راکٹ 350 کلوگرام تک کا پے لوڈ مدار میں لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس مشن میں لیبارٹری میں تیار کیا گیا ہیرا، خلائی ملبہ ہٹانے والے روبوٹک بازو اور دیگر جدید تجرباتی آلات بھی شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق 2020 میں نجی سرمایہ کاری کے لیے شعبہ کھولنے کے بعد بھارت کی خلائی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، جس کی مالیت تقریباً 8.4 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جبکہ اس شعبے میں 400 سے زائد نجی اسٹارٹ اپس سرگرم عمل ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button