متحدہ عرب امارات

دبئی میں عوامی اعتماد کی جھلک: شیخ محمد بن راشد کی بچوں کے ساتھ سیلفیاں، شاپنگ مال کا دورہ

خلیج اردو
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باوجود متحدہ عرب امارات میں معمولات زندگی برقرار ہیں اور عوام میں اعتماد واضح دکھائی دے رہا ہے۔ اسی دوران دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی ہلز مال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں اور خاندانوں سے ملاقات کی اور خوشگوار ماحول میں وقت گزارا۔

مال میں موجود شہریوں نے حکمران کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ بچوں نے خوشی سے ان کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔ شیخ محمد بن راشد نے مختلف دکانوں، سپر مارکیٹس کا بھی دورہ کیا اور خریداروں سے دوستانہ گفتگو کی، جس سے پورے ماحول میں خوشی اور اطمینان کی فضا قائم رہی۔

یہ دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ خطے میں جاری صورتحال کے باوجود عوام معمول کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں اور حکومتی اقدامات پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔ اس سے قبل بھی شیخ محمد بن زاید النہیان اور شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم عوام کے درمیان نظر آئے، جسے اعتماد اور استحکام کا پیغام قرار دیا گیا۔

یہ مناظر ظاہر کرتے ہیں کہ ریاستی قیادت اور عوام کے درمیان مضبوط تعلق اور اعتماد موجود ہے، جو کسی بھی مشکل صورتحال میں استحکام کا باعث بنتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button