
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور نائب وزیرِ اعظم شیخ منصور بن زاید النہیان نے ‘ابوظہبی سمر اسپورٹس’ ایونٹ کے دوران شہریوں اور کھلاڑیوں کے ساتھ والی بال کے دوستانہ مقابلے میں شرکت کر کے ایک بار پھر شاہی خاندان کی عوامی وابستگی اور سماجی قربت کی روایت کو زندہ کر دیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے وام کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں شیخ منصور کو ابوظہبی کے ایونٹ میں شریک افراد کے ساتھ والی بال کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ایونٹ کے منتظمین سے ملاقات کی اور مختلف اسپورٹس سہولیات کا دورہ کرتے ہوئے پروگرامز کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
متحدہ عرب امارات کی قیادت کھیلوں کے فروغ میں فعال کردار ادا کرتی آئی ہے۔ شیخ منصور بن زاید عالمی سطح پر کھیلوں کی دنیا میں ایک نمایاں نام ہیں، خاص طور پر انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی کے مالک کی حیثیت سے۔ 2023 میں وہ استنبول میں ہونے والے یوئیفا چیمپئنز لیگ کے فائنل میں مانچسٹر سٹی کا اسکارف پہنے وی آئی پی باکس میں موجود تھے۔
ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید نہ صرف ایک سرگرم جیوجٹسو کھلاڑی ہیں بلکہ انہوں نے ابو ظہبی کی ڈیپارٹمنٹ آف کلچر اینڈ ٹورزم اور نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (NBA) کے درمیان شراکت داری کے معاہدے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں خلیجی خطے میں پہلی بار این بی اے میچز کا انعقاد ممکن ہوا۔
دوسری جانب دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم سوشل میڈیا پر بھی کافی فعال ہیں اور مختلف کھیلوں میں اپنی شمولیت کے ذریعے نوجوانوں کو صحت مند طرز زندگی اپنانے کی ترغیب دیتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں انہوں نے انگلش دیہی علاقے میں گھڑ سواری کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی۔
متحدہ عرب امارات کی قیادت کی کھیلوں سے وابستگی نہ صرف ملک میں صحت مند طرز زندگی کے فروغ میں مددگار ہے بلکہ عالمی سطح پر مثبت شناخت کو بھی مستحکم کرتی ہے۔







