
خلیج اردو
یو اے ای کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور قرقاش نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور ہمسایہ ممالک کو نشانہ نہ بنائے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر Anwar Gargash نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرے اور خلیجی ممالک کو نشانہ بنانے سے گریز کرے۔
اتوار کے روز اپنے سوشل میڈیا بیان میں انہوں نے کہا، "آپ کی جنگ اپنے ہمسایوں کے ساتھ نہیں ہے”، اور خبردار کیا کہ حالیہ حملے ایران کیلئے اس نازک وقت میں سفارتی تنہائی کا باعث بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ریاستوں پر ایرانی جارحیت ایک اسٹریٹجک غلطی ہے اور یہ صورتحال ایران کو خطے میں عدم استحکام کے اہم ذریعہ کے طور پر پیش کرتی ہے۔
ڈاکٹر انور قرقاش نے ایران پر زور دیا کہ وہ "دانش مندی کی طرف واپس آئے” اور اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ عقلی اور ذمہ دارانہ رویہ اپنائے، بصورت دیگر تنہائی اور کشیدگی کا دائرہ مزید وسیع ہو سکتا ہے۔
انہوں نے Sky News Arabia کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ متحدہ عرب امارات اور اس کے ہمسایہ ممالک گزشتہ کئی ماہ سے اس بحران کو روکنے کی کوشش کر رہے تھے اور اب بھی مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فوجی کارروائی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہے اور ایسے نئے چیلنجز پیدا کر سکتی ہے جن کی خطے کو ضرورت نہیں۔
انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ یو اے ای صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اور شہریوں کو افواہوں سے بچتے ہوئے صرف سرکاری معلومات پر انحصار کرنے کی ہدایت کی۔







