عالمی خبریں

ایران نے امریکا سے مذاکرات کیلئے شرائط نرم کر دیں، پاکستان کے ذریعے 14 نکاتی تجاویز ارسال، آبنائے ہرمز اور پابندیوں میں نرمی پر پیش رفت کی امید

خلیج اردو
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق ایران نے امریکا کے ساتھ ممکنہ امن مذاکرات کیلئے اپنی شرائط میں نرمی کرتے ہوئے 14 نکاتی تجاویز پاکستان کے ذریعے واشنگٹن تک پہنچا دی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کے معاملے کو امریکی ناکہ بندی کے خاتمے سے مشروط کر دیا ہے، تاہم فوری طور پر مکمل ناکہ بندی ختم کرنے کے مطالبے سے جزوی طور پر دستبردار ہونے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایران نے تجویز دی ہے کہ جوہری اور میزائل پروگرام کو ابتدائی مذاکرات کا حصہ نہ بنایا جائے، جبکہ امریکی پابندیوں میں نرمی کے بدلے بعد میں جوہری امور پر بات چیت کی جا سکتی ہے۔

ایران نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ اگر امریکا آمادہ ہو تو آئندہ ہفتے پاکستان میں براہ راست مذاکرات کیلئے تیار ہے، اور اس عمل میں پاکستان کو باضابطہ ثالث کی حیثیت حاصل ہوگی۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کو اپنا "دھمکی آمیز لہجہ اور توسیع پسندانہ رویہ” تبدیل کرنا ہوگا تاکہ مذاکرات آگے بڑھ سکیں۔

انہوں نے تصدیق کی کہ جنگ کے خاتمے سے متعلق نئی تجاویز بھی پاکستان کے ذریعے ہی پیش کی گئی ہیں، جو اس وقت دونوں ممالک کے درمیان اہم سفارتی پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کی جانب سے شرائط میں نرمی خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہو سکتی ہے، تاہم اصل پیش رفت کا دارومدار امریکا کے ردعمل اور باہمی اعتماد کی بحالی پر ہوگا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button