
خلیج اردو
ابوظبی پولیس نے شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ شہر میں چھائے ہوئے گھنے کہرے کے سبب ڈرائیونگ کے دوران انتہائی احتیاط برتی جائے، کیونکہ حدِ نگاہ شدید متاثر ہو رہی ہے۔ پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈرائیور متغیر رفتار کی ہدایات پر عمل کریں جو الیکٹرانک انفارمیشن بورڈز پر ظاہر ہوتی ہیں اور سفر کے دوران مکمل احتیاط سے کام لیں۔
ادھر نیشنل سینٹر آف میٹیورولوجی کے مطابق اتوار کی صبح سے 5 بج کر 45 منٹ سے 9 بج کر 30 منٹ تک ساحلی اور اندرونی علاقوں میں حدِ نگاہ مزید کم ہو سکتی ہے۔ صبح کے وقت بعض علاقوں میں خنکی بھی محسوس کی گئی اور آج سب سے کم درجہ حرارت 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ رکنہ (العين) میں 6 بج کر 30 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ تازہ شمال مغربی ہوائیں 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار تک پہنچ سکتی ہیں جبکہ عربین گلف میں سمندر کی صورتحال بھی صبح 9 بجے تک چھ فٹ تک بلند لہروں کے باعث قدرے خراب رہنے کا امکان ہے۔
ڈرائیوروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ رفتار کم رکھیں، لو بیم ہیڈلائٹس استعمال کریں، دیگر گاڑیوں سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور سفر کی منصوبہ بندی پہلے سے کر لیں کیونکہ تاخیر کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ملک میں آئندہ دنوں میں رات اور صبح کے وقت نمی میں اضافے کے باعث مختلف اندرونی علاقوں میں دھند یا ہلکی کہر کے امکانات مزید بڑھ جائیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہی موسم پیر اور منگل تک جاری رہے گا جس میں جزوی ابر آلود موسم، مغربی علاقوں کی جانب وقفے وقفے سے بادل اور کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان رہے گا۔







