موسم

امارات میں شدید بارش اور خراب سمندری صورتحال کا الرٹ

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں رواں ہفتے کے دوران ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے، جو بعض اوقات شدید بھی ہو سکتی ہے۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ ہفتہ 13 دسمبر سے جمعہ 19 دسمبر 2025 تک ابوظبی اور دیگر امارات کے مختلف علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ بدلتی موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا زیادہ امکان ساحلی علاقوں اور جزیروں میں ہے، جبکہ ہفتے کے اختتام کی جانب بارشوں کی شدت اور تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ابوظبی شہر میں ہفتہ سے بدھ کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے، جبکہ جمعرات اور جمعہ کو خاص طور پر ساحلی علاقوں اور قریبی جزیروں میں شدید بارش کی توقع ہے۔

العین میں بارش کا امکان زیادہ تر جمعرات اور جمعہ کو ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ الظفرہ ریجن میں بھی ابتدا میں وقفے وقفے سے بارش اور بعد ازاں ہفتے کے آخر میں شدید بارش کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ اتوار کے روز مطلع جزوی سے مکمل ابر آلود رہنے، کنویکٹو بادلوں کے باعث مختلف علاقوں خصوصاً ساحلی اور شمالی حصوں میں بارش اور درجہ حرارت میں معمولی کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ہوائیں ابتدا میں ہلکی سے درمیانی جنوب مشرقی رہیں گی، بعد ازاں شمال مغربی رخ اختیار کرتے ہوئے تیز ہو سکتی ہیں، جن کی رفتار 10 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ اور بعض اوقات 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جس سے گرد و غبار اٹھنے کا امکان ہے۔ عرب خلیج میں سمندر کی حالت ہلکی سے درمیانی مگر بعض اوقات خراب رہنے کی توقع ہے، جبکہ بحیرہ عمان میں سمندر ہلکا سے درمیانی رہے گا۔

پیر کے روز بھی مطلع جزوی سے ابر آلود رہے گا اور ساحلی و شمالی علاقوں میں بارش کے امکانات موجود رہیں گے۔ ہوائیں جنوب مشرقی سے شمال مشرقی رہیں گی اور 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تیز ہو سکتی ہیں، جبکہ عرب خلیج میں سمندر رات کے وقت اور منگل کی صبح خراب ہو سکتا ہے۔ منگل کے روز وسیع پیمانے پر کنویکٹو بارشوں کی توقع ہے، ہوائیں مزید تیز ہو کر 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں، اور گرد و ریت کے طوفان سے حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

بدھ کو بھی بادلوں کا راج، مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہوائیں اور عرب خلیج و بحیرہ عمان میں خراب سمندری صورتحال متوقع ہے۔ مزید براں، 16 سے 19 دسمبر کے دوران بالائی فضائی دباؤ کا کم دباؤ کا نظام اور سرد ہوائیں خطے پر گہرا اثر ڈال سکتی ہیں، جس کے باعث گرج چمک، آندھی اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر مستحکم موسم کے دوران حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کی جانے والی معلومات پر توجہ دیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button