
خلیج اردو
دی ہیگ: عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے بدھ کے روز حکم دیا ہے کہ اسرائیل اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے کو غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے کی اجازت دے۔
دی ہیگ میں قائم عدالت کو گزشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یہ طے کرنے کے لیے کہا تھا کہ اسرائیل کے وہ قانونی فرائض کیا ہیں جو اس نے یو این آر ڈبلیو اے پر پابندی عائد کرنے کے بعد پیدا کیے ہیں۔ یہ ایجنسی غزہ میں بنیادی انسانی امداد فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے۔
عدالت کے صدر یو جی ایواساوا نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اسرائیل پر یہ لازم ہے کہ وہ اقوام متحدہ اور اس کے اداروں بشمول یو این آر ڈبلیو اے کے امدادی منصوبوں کی منظوری دے اور ان میں سہولت پیدا کرے۔
اسرائیل نے مارچ سے یو این آر ڈبلیو اے کے امدادی سامان کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی، تاہم یہ ادارہ اب بھی غزہ میں اپنے طبی مراکز، موبائل ٹیموں، صفائی کے نظام اور بچوں کے اسکولوں کے ذریعے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایجنسی کے مطابق اس کے چھ ہزار ٹرک امدادی سامان کے ساتھ سرحد پر داخلے کے منتظر ہیں۔
یو این آر ڈبلیو اے کے کمشنر جنرل فلیپ لزارینی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ "ہم عدالت کے غیر مبہم فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، یو این آر ڈبلیو اے کے پاس مصر اور اردن میں بڑی مقدار میں خوراک اور زندگی بچانے والا سامان موجود ہے، اور ہم فوری طور پر انسانی امداد میں توسیع کر سکتے ہیں تاکہ غزہ کے شہریوں کی تکالیف کو کم کیا جا سکے۔”






