عالمی خبریں

دہلی: پولیس نے دیوالی پر بڑے دہشت گرد منصوبے کو ناکام بنا دیا

خلیج اردو
دہلی میں دیوالی کے موقع پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے دو مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے جو دارالحکومت کے مصروف علاقوں، ایک بڑے شاپنگ مال اور عوامی پارک میں دھماکے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ایڈیشنل کمشنر پولیس اسپیشل سیل پرمود کوشواہا کے مطابق دونوں گرفتار ملزمان کا نام عدنان ہے اور وہ ایک غیر ملکی ہینڈلر سے رابطے میں تھے جو مبینہ طور پر شام-ترکی کی سرحد سے کارروائی کر رہا تھا۔

پولیس نے ان کے قبضے سے ایک لیپ ٹاپ، کئی پین ڈرائیوز، تنظیم سے وفاداری کے ویڈیوز، داعش کا پروپیگنڈا مواد اور ایک جھنڈا برآمد کیا۔ تفتیش کاروں نے ایک گھڑی اور الیکٹرانک پرزے بھی ضبط کیے جنہیں مبینہ طور پر بم (آئی ای ڈی) بنانے میں استعمال کیا جانا تھا۔

گرفتار ہونے والوں میں سے ایک کو اس سے قبل جون 2024 میں اتر پردیش اے ٹی ایس نے سوشل میڈیا پر قتل کی دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ وہ مبینہ طور پر دہشت گرد تنظیم کے آن لائن پروپیگنڈا اور میڈیا امور سے وابستہ تھا۔ دوسرا عدنان، جس کے والد سرکاری ملازم ہیں، کو 16 اکتوبر کو صادق نگر سے گرفتار کیا گیا۔

دونوں ملزمان سے تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ممکنہ ساتھیوں کی نشاندہی کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دونوں ملزمان متعدد انسٹاگرام اکاؤنٹس کے ذریعے شدت پسند مواد پھیلا رہے تھے اور غیر ملکی ہینڈلرز سے رابطے میں تھے۔ اسپیشل سیل کئی ماہ سے ان کی نگرانی کر رہی تھی، جب کہ دہلی اور بھوپال کے کاروند علاقے میں بھی مشترکہ طور پر خفیہ معلومات اکٹھی کی جا رہی تھیں۔

پولیس کے مطابق دونوں دہشت گرد دیوالی کے موقع پر دارالحکومت دہلی میں بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ یہ کارروائی اسپیشل سیل کے انسپکٹر سنیل اور انسپکٹر دھیرج کی سربراہی میں کی گئی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button