
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں اے لیول کے نتائج کے اعلان کے بعد طلبہ، والدین اور اساتذہ نے خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔ کئی تعلیمی اداروں میں خوشی کے آنسو، گلے ملنے اور جشن کے مناظر دیکھنے میں آئے۔
اس سال امتحانی نظام غیر معمولی حالات سے گزرا کیونکہ امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے باعث برطانوی امتحانی بورڈز نے مئی اور جون 2026 کے تمام آئی جی سی ایس ای اور اے لیول کے تحریری امتحانات منسوخ کر دیے تھے۔
طلبہ کی جانچ کے لیے روایتی امتحانات کے بجائے "پورٹ فولیو آف ایویڈنس” کا طریقہ اپنایا گیا، جس میں کورس ورک، داخلی جائزوں اور تعلیمی ریکارڈ کی بنیاد پر نتائج مرتب کیے گئے۔
دبئی کے جیمز ویلنگٹن اکیڈمی کی ڈائریکٹر برائے پوسٹ 16 برٹنی گولیٹ نے طلبہ کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غیر یقینی حالات میں جس صبر، اعتماد اور ہمت کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔
طالبہ جھانوی پدمنابھن نے تین اے اسٹار گریڈ حاصل کیے، جس کے بعد ان کے والدین خوشی سے آبدیدہ ہوگئے۔ جھانوی کو برطانیہ کی یونیورسٹی آف گلاسگو میں میڈیکل کی تعلیم کے لیے داخلے کی بھی تصدیق مل گئی۔
ایک اور طالب علم پیئر فرید نے بھی تمام مضامین میں اے اسٹار گریڈ حاصل کیے۔ نتائج ملنے پر ان کے اہلِ خانہ جذباتی ہوگئے اور انہوں نے طلبہ کی کامیابی کا بھرپور جشن منایا۔
جیمز ایجوکیشن کے 22 برطانوی نصاب والے اسکولوں میں 2 ہزار 388 طلبہ نے امتحانات میں حصہ لیا، جن میں ایک تہائی سے زیادہ طلبہ نے اے اسٹار سے اے تک گریڈ حاصل کیے، جبکہ 67 فیصد طلبہ کو اے اسٹار سے بی تک گریڈ دیے گئے۔
برائٹن کالج العین اور برائٹن کالج دبئی نے 100 فیصد کامیابی حاصل کی، جبکہ دبئی برٹش اسکول، جبل علی اسکول، ہورائزن انٹرنیشنل اسکول اور ریپٹن دبئی سمیت متعدد تعلیمی اداروں نے بھی شاندار نتائج کا اعلان کیا۔
کئی اسکولوں کے لیے یہ سال تاریخی اہمیت کا حامل رہا کیونکہ ان کے پہلے اے لیول بیچ نے گریجویشن مکمل کی اور نمایاں تعلیمی کامیابیاں حاصل کیں۔







