پاکستانی خبریں

عفت عمر کا بیان، ’کراچی گندہ شہر ہے،سوشل میڈیا پر نیا تنازع

خلیج اردو
کراچی: اداکارہ صبا قمر کے بعد معروف اداکارہ و میزبان عفت عمر نے بھی کراچی شہر کو ناپسندیدہ قرار دے کر نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے۔ عفت عمر نے سندھ کے دارالحکومت کے بارے میں کہا کہ یہ ’گندہ شہر‘ ہے، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔

چند روز قبل صبا قمر نے ایک پوڈکاسٹ میں کہا تھا کہ انہیں کراچی پسند نہیں، وہ صرف کام کے لیے وہاں جاتی ہیں اور پھر فوراً اسلام آباد واپس آجاتی ہیں۔ صبا قمر کے اس بیان پر انہیں عوام اور شوبز شخصیات دونوں کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اب عفت عمر نے ایکس پر صبا قمر کے حق میں پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی اداکارہ کو کراچی پسند نہیں تو کیا اسے زبردستی شہر پسند کروایا جائے؟ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میٹروپولیٹن شہر ضرور ہے جہاں کام اور روزگار کے مواقع موجود ہیں، لیکن اگر انہیں ذاتی پسند کی بنیاد پر انتخاب کا موقع دیا جائے تو وہ کراچی کو ترجیح نہیں دیں گی۔

عفت عمر کے کراچی کو ’گندہ شہر‘ کہنے پر صارفین نے سخت ردعمل دیا اور انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔ بعض صارفین نے ان پر قوم پرستی اور تعصب کا الزام بھی لگایا۔ اس پر عفت عمر نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان صرف شہر کے بارے میں تھا، شہریوں کے خلاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ "میری بات کو حب الوطنی سے نہ جوڑا جائے، میں نے صرف اپنی ذاتی رائے کا اظہار کیا ہے۔”

اداکارہ نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ "اگر کوئی لاہور کو برا کہے تو لاہوری برا نہیں مانتے، اسی طرح میری بات کو بھی زیادہ نہ اچھالا جائے۔” بعد ازاں ایکس پر مزید وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ انہیں بعض غیر ملکی شہر بھی پسند نہیں، جیسے کہ فرانکفرٹ، اس لیے ہر بات کا غیر ضروری پتنگڑ نہ بنایا جائے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button