
خلیج اردو
تین میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے ون ڈے میں کل پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔ قومی ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پہلے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 264 رنز کا ہدف دیا، جسے قومی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف دو گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا 62 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد رضوان نے 55، فخر زمان نے 45، صائم ایوب نے 39 اور حسین طلعت نے 22 رنز کی اننگز کھیلیں۔
بولنگ کے شعبے میں نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ صائم ایوب نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔ فیصل آباد میں ہونے والا دوسرا میچ سیریز کے فیصلہ کن مرحلے کی حیثیت اختیار کر گیا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔






