عالمی خبریں

بنگلور میں اے ٹی ایم کیش وین سے 70.11 ملین روپے کی ڈکیتی

خلیج اردو
بھارتی شہر بنگلورو میں منگل کے روز ایک بڑے کیش ہیسٹ میں نامعلوم ملزمان نے اے ٹی ایم کیش ریپلیشمنٹ وین سے 70.11 ملین روپے لوٹ لیے، جس کے بعد شہر میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔ پولیس کمشنر سیمانتھ کمار سنگھ نے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کرنے اور مزید خصوصی ٹیمیں تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ واقعہ ساؤتھ اینڈ سرکل کے قریب اس وقت پیش آیا جب سی ایم ایس کمپنی کے عملے نے اے ٹی ایم میں رقم ڈالنی تھی۔ اسی دوران 7 سے 8 افراد پر مشتمل گروہ انووا گاڑی میں پہنچا، خود کو ریزرو بینک آف انڈیا کے اہلکار ظاہر کیا، عملے کو دھمکایا اور گن مین کو قابو کرلیا۔ ملزمان گاڑی کے ڈرائیور کو ڈیئری سرکل کی طرف لے گئے اور فلائی اوور پر کیش اپنے ساتھ لائی گئی گاڑی میں منتقل کرکے فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واردات میں جعلی نمبر پلیٹ استعمال کی گئی جو کلیان نگر میں رجسٹرڈ ایک سوئفٹ کار سے ملتی ہے۔ تفتیش کاروں کو اندرونی افراد کے ملوث ہونے کا شبہ ہے کیونکہ واقعے کی اطلاع دیر سے دینے سمیت عملے کے طرز عمل پر بھی سوالات اٹھے ہیں۔ ڈرائیور، دو گن مین اور کیش لوڈر کو تفتیش کے لیے سِدّاپور تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔ فنگر پرنٹ ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرلیا ہے جبکہ شہر بھر میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ملزمان ہوسکوٹے کی سمت دوملور، ماراتھا ہلّی یا وائٹ فیلڈ کے راستوں سے فرار ہوئے۔ پولیس کمشنر نے یقین دلایا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button