
خلیج اردو
ابوظبی پولیس نے ٹریفک حادثات اور ہنگامی صورتحال کے دوران بہادری، فوری ردعمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انسانی جانیں بچانے والے چار رہائشیوں کو اعزاز سے نوازا ہے۔ پولیس نے 14 ستمبر کو تقریب کی تصاویر اور بہادری کے واقعات جاری کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا کہ حادثات کی صورت میں مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں کیونکہ ہنگامی صورتحال میں ہر سیکنڈ اہم ہوتا ہے۔
سنٹرل آپریشنز سیکٹر کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر ناصر سلیمان المسکری نے اعزاز حاصل کرنے والے افراد سے مصافحہ کیا اور ان کے بہادرانہ اور انسان دوست اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان افراد کے اقدامات بہادری، یکجہتی اور سماجی ذمہ داری کی بہترین مثال ہیں۔ انہیں فوری ردعمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔
اعزاز پانے والوں میں محمد وقار ذوالفقار علی شامل ہیں، جنہوں نے سڑک پر رکاوٹ دیکھ کر متعلقہ حکام کو اطلاع دینے کے ساتھ خود بھی رکاوٹ ہٹانا شروع کردی، جس سے ممکنہ ٹریفک حادثہ روکنے میں مدد ملی۔
نبیل علی صالح البلوشی اور خالد علی عبداللہ المنصوری نے دو الگ ٹریفک حادثات کے بعد آگ لگنے والی گاڑیوں میں پھنسے دو افراد کو بہادری سے نکالا۔ یسریٰ قاسم احمد اوتالی نے سکول بس حادثے کے دوران زخمی ہونے کے باوجود خوفزدہ طلبہ کو تسلی دی اور انہیں بحفاظت بس سے باہر نکالنے میں مدد کی، یہاں تک کہ متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے۔







