متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں غیر ملکی بینک کی برانچ پر منی لانڈرنگ قوانین کی خلاف ورزی پر 20 کروڑ درہم جرمانہ

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قوانین اور ضابطہ کار تقاضوں کی بار بار خلاف ورزی پر ایک غیر ملکی بینک کی مقامی برانچ پر 20 کروڑ درہم جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

مرکزی بینک کے مطابق تحقیقات کے دوران بینک کے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے اقدامات، انتظامی نظام، تعمیلی طریقہ کار اور پابندیوں سے متعلق فریم ورک میں سنگین اور مسلسل خامیوں کی نشاندہی ہوئی۔

بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پر 5 لاکھ درہم جبکہ سربراہ برائے تعمیل اور منی لانڈرنگ رپورٹنگ افسر پر 3 لاکھ درہم جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ مرکزی بینک نے قرار دیا کہ دونوں اعلیٰ عہدیدار اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہے۔

مالی جرمانوں کے علاوہ بینک کو اصلاحاتی پروگرام پر عمل درآمد کا حکم دیا گیا ہے، جس کی آزادانہ ادارے سے تصدیق بھی کرائی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر اور چیف کمپلائنس آفیسر کی اپنے عہدوں کے لیے موزونیت کا دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ ملک کے مالیاتی نظام کی شفافیت اور ساکھ کے تحفظ کے لیے بینکوں، ان کے اعلیٰ عہدیداروں اور ملازمین کو قوانین اور ضابطہ جاتی معیار کا پابند بنایا جاتا رہے گا۔

رواں سال اگست میں بھی مرکزی بینک نے منی لانڈرنگ سے متعلق امریکی حکام کے خدشات کے بعد مصر کے بینک مصر کی متحدہ عرب امارات میں قائم برانچوں کے فوری معائنے کا حکم دیا تھا۔ امریکی حکام نے اس بینک کو منی لانڈرنگ کے حوالے سے تشویش کا باعث قرار دیا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button