متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں طلبہ کی یونیورسٹی داخلہ تیاری، ماہرین نے گریڈ 12 سے پہلے منصوبہ بندی پر زور دے دیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں یونیورسٹی داخلوں کے ماہرین نے والدین کو خبردار کیا ہے کہ بہترین یونیورسٹی درخواستیں صرف گریڈ 12 میں تیار نہیں ہوتیں بلکہ ان کی بنیاد کئی سال پہلے رکھی جاتی ہے۔ دبئی کے سکول پرنسپلز اور یونیورسٹی کونسلرز کے مطابق طلبہ کو گریڈ 6 سے 9 کے دوران مختلف مضامین اور کیریئرز کو سمجھنے کا موقع دینا چاہیے جبکہ گریڈ 10 سے یونیورسٹی داخلوں کے لیے زیادہ توجہ کے ساتھ منصوبہ بندی شروع کرنی چاہیے۔

ماہرین کے مطابق تعلیمی کارکردگی اب بھی یونیورسٹی داخلے کی بنیادی شرط ہے تاہم مختلف ممالک کی یونیورسٹیوں کی ترجیحات مختلف ہوتی ہیں۔ برطانیہ میں طالب علم کے منتخب مضمون میں گہری دلچسپی اور تعلیمی کامیابی کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، جبکہ امریکا میں تعلیمی کارکردگی کے ساتھ ایک مخصوص شعبے میں نمایاں صلاحیت اور متوازن ذاتی پروفائل بھی اہم ہو سکتا ہے۔

سوئس انٹرنیشنل سائنٹیفک سکول دبئی کی یونیورسٹی گائیڈنس کونسلر سواتی آنند نے کہا کہ یونیورسٹی کی تیاری گریڈ 12 سے شروع ہونے کا تصور درست نہیں۔ مضبوط درخواست کئی برس کی مسلسل تعلیمی کارکردگی، بامقصد غیر نصابی سرگرمیوں، قیادت اور شخصیت کی ترقی سے تشکیل پاتی ہے۔

ماہرین نے والدین کو بچوں کی سرگرمیوں کی محض لمبی فہرست بنانے کے بجائے ان کی حقیقی دلچسپیوں کو فروغ دینے کا مشورہ دیا۔ ان کے مطابق مہنگے سمر پروگرامز یا نامور اداروں میں مختصر کورسز لازماً داخلے کے امکانات بہتر نہیں کرتے، جبکہ متعلقہ اور بامقصد انٹرن شپ خاص طور پر میڈیکل اور انجینئرنگ جیسے شعبوں میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

ماہرین نے زور دیا کہ یونیورسٹی اور کیریئر کا انتخاب والدین کی خواہش کے بجائے طالب علم کی صلاحیت، دلچسپی اور مستقبل کے اہداف کے مطابق ہونا چاہیے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button