
خلیج اردو
خطے میں آن لائن سرمایہ کاری کے بڑھتے رجحان کے ساتھ سائبر سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر اور مصر میں جعلی سرمایہ کاری پلیٹ فارمز تیزی سے پھیل رہے ہیں، جہاں مجرم اصلی سرمایہ کاری ایپس کی ہوبہو نقل بنا کر صارفین کو دھوکا دے رہے ہیں۔ کاسپرسکی کے مطابق 2024 سے اب تک ایک لاکھ سے زائد ایسے حملے بلاک کیے جا چکے ہیں جن میں جعلی پلیٹ فارمز اصلی ویب سائٹس اور ایپس کی نقل کرکے صارفین کو پھانسنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان پلیٹ فارمز کے ڈیزائن، ڈیش بورڈز، عربی زبان میں انٹرفیس اور جعلی کسٹمر سروس انہیں بالکل حقیقی ظاہر کرتے ہیں۔ کاسپرسکی کی سینیئر ویب کنٹینٹ اینالسٹ اولگا التوخوفا کے مطابق سائبر مجرم اپنے جعلی پلیٹ فارمز کو قابلِ اعتماد بنانے کے لیے پیشہ ورانہ ڈیزائن اور نفیس حربے استعمال کر رہے ہیں۔ مجرم گروہ سوشل میڈیا اشتہارات، میسجنگ ایپس اور اچانک کی جانے والی کالز کے ذریعے لوگوں سے رابطہ کرتے ہیں، اور جب متاثرہ شخص رقم جمع کرا دیتا ہے تو جعلی پلیٹ فارم اس کے کھاتے میں منافع دکھاتا رہتا ہے، حالانکہ کوئی حقیقی ٹریڈنگ نہیں ہو رہی ہوتی۔ کئی پلیٹ فارمز خود کو اسلامی یا حلال سرمایہ کاری کے نام سے بھی پیش کرتے ہیں تاکہ لوگوں کا اعتماد حاصل کیا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق متاثرین اکثر چھوٹی نشانیوں کو نظرانداز کر دیتے ہیں، جیسے ویب سائٹ ڈومین، ہجے کی غلطیاں، ادائیگی کے غیر معمولی طریقے یا سیکیورٹی لاک کی عدم موجودگی۔ ای ٹورو کے ایم ای این اے منیجنگ ڈائریکٹر جارج نداف نے کہا کہ آن لائن سرمایہ کاری نے لوگوں کو دولت بڑھانے کا موقع دیا ہے، مگر اسی کے ساتھ دھوکے بازوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ سرمایہ کار ہمیشہ لائسنس یافتہ اور ریگولیٹڈ پلیٹ فارم استعمال کریں، یو آر ایل اور انکرپشن چیک کریں، تیز اور یقینی منافع دینے کے دعوؤں سے بچیں، ذاتی یا بینکاری معلومات نامعلوم افراد کو نہ دیں، مضبوط پاس ورڈ استعمال کریں، ٹو فیکٹر تصدیق فعال رکھیں، ڈیوائسز اپ ڈیٹ رکھیں اور اینٹی فشنگ تحفظ والے سیکیورٹی ٹولز استعمال کریں۔






