
خلیج اردو
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے ٹیم سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے جذباتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کا حصہ ہونا ان کی زندگی کے بڑے اعزازات میں سے ایک رہا ہے۔ انہوں نے شائقین، ٹیم اور جنوبی پنجاب کے عوام سے اپنی بے پناہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے مرحوم چچا عالمگیر ترین بھی اس نمائندگی پر فخر کرتے تھے۔
علی ترین نے اپنے پیغام میں بتایا کہ وہ ہر سیزن کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو یہ باور کراتے رہے کہ جنوبی پنجاب ایک ایسے لوگوں کا خطہ ہے جو محنت کرتے ہیں، اپنے حق کے لیے لڑتے ہیں اور ہر مشکل کا مقابلہ ڈٹ کر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹانز کے مداح ہار کو برداشت کر لیتے ہیں مگر لڑائی ترک کرنے کو کبھی معاف نہیں کرتے، اور یہی سوچ ٹیم کی بنیاد بنی۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ مسلسل مالی خساروں کے باوجود انہوں نے کبھی ٹیم چھوڑنے کا سوچا بھی نہیں، کیونکہ ملتان سلطانز ان کے لیے اعداد و شمار سے بڑھ کر ایک جذباتی وابستگی کا نام تھا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، اور اگر ٹیم کے ساتھ رہنے کا مطلب ان اصولوں سے پیچھے ہٹنا ہے تو ان کے پاس صرف ایک راستہ رہ جاتا ہے۔
علی ترین نے دو ٹوک کہا کہ وہ گھٹنوں کے بل چل کر ٹیم نہیں چلائیں گے بلکہ سر اٹھا کر جدوجہد کرتے ہوئے اسے چھوڑنا زیادہ بہتر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے شائقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان سلطانز ہمیشہ اپنی عوام اور جنوبی پنجاب کی ٹیم رہے گی۔ آنے والا مالک جو بھی ہو، مداح اسی جوش و جذبے کے ساتھ سپورٹ جاری رکھیں۔
پیغام کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی مداح کی حیثیت سے اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے اور اپنی ٹیم کا ساتھ دیتے رہیں گے۔
Ali Tareen Announces Exit from Multan Sultans with an Emotional Farewell Message





