پاکستانی خبریں

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے امریکی قونصل جنرل کی اہم ملاقات،انسداد دہشتگردی اور معدنیات سے متعلق گفتگو

خلیج اردو
پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے امریکی قونصل جنرل تھامس ایکرٹ نے وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں اہم ملاقات کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، معدنیات، توانائی اور سکیورٹی تعاون سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں امریکہ کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی اور انسدادِ منشیات کے شعبوں میں معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی قونصل جنرل تھامس ایکرٹ نے کہا کہ تجارتی سفارتکاری امریکی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور اقتصادی سفارتکاری کے فروغ سے علاقائی امن و استحکام کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں شراکت داری کو تجارتی و اقتصادی تعاون کے لیے اہم قرار دیا۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ہر فیصلے میں عوامی مفاد کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا منرلز ایکٹ کے تحت مقامی آبادی کو سرمایہ کاری میں اولین ترجیح دی گئی ہے اور ایسی نجی سرمایہ کاری کی مکمل حوصلہ افزائی کی جائے گی جو مقامی آبادی کو براہ راست فائدہ پہنچائے۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت سستی اور صاف توانائی کے حصول کے لیے چھوٹے پن بجلی گھروں اور ڈیموں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضم شدہ اضلاع میں موجود نایاب معدنی ذخائر سے مقامی آبادی کو براہ راست فائدہ پہنچانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔

اجلاس میں عالمی تجارت کے فروغ کے لیے بزنس اینڈ انویسٹمنٹ روڈ شو کے انعقاد کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، جبکہ قیمتی اور نایاب معدنیات کے لیز ہولڈرز کو اس روڈ شو میں مدعو کرنے کی تجویز پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button