عالمی خبریں

نئے سال کی آمد: آکلینڈ نے آتش بازی کے ساتھ 2026 کا پہلا استقبال کیا، دنیا بھر میں مختلف انداز کی تقریبات

خلیج اردو
دبئی: دنیا میں سب سے پہلے نئے سال 2026 کا استقبال نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ نے کیا، جہاں بارش کے باوجود شہر کے وسط میں واقع ملک کی بلند ترین عمارت اسکائی ٹاور سے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ پانچ منٹ تک جاری رہنے والے اس شو میں 240 میٹر بلند اسکائی ٹاور کی مختلف منزلوں سے ساڑھے تین ہزار کے قریب آتش بازی کی گئی۔ آکلینڈ، جو نیویارک کے ٹائمز اسکوائر سے 18 گھنٹے پہلے نئے سال میں داخل ہوا، 17 لاکھ آبادی کا شہر ہے، تاہم خراب موسم کے باعث نارتھ آئی لینڈ کے مختلف علاقوں میں کمیونٹی تقریبات منسوخ کر دی گئیں۔

آسٹریلیا میں مشرقی ساحل نے نیوزی لینڈ کے دو گھنٹے بعد 2026 میں قدم رکھا، تاہم سڈنی میں نئے سال کی تقریبات حالیہ دہائیوں کے بدترین اجتماعی فائرنگ واقعے کے سائے میں ہوئیں۔ 14 دسمبر کو بونڈی بیچ پر حنوکہ تقریب کے دوران فائرنگ سے 15 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے تھے۔ اس پس منظر میں سڈنی ہاربر برج کے اطراف ہزاروں افراد کی موجودگی کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے اور پہلی بار اہلکاروں کو خودکار ہتھیاروں کے ساتھ تعینات دیکھا گیا۔

نصف شب سے ایک گھنٹہ قبل فائرنگ کے متاثرین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ہاربر برج کے ستونوں پر شمعدان کی تصاویر دکھائی گئیں، جبکہ شرکا سے یہودی برادری سے اظہارِ یکجہتی کے لیے موبائل فون کی لائٹس روشن کرنے کی اپیل کی گئی۔ نیو ساؤتھ ویلز کے وزیر اعلیٰ کرس منس نے عوام پر زور دیا کہ خوف کے باعث گھروں میں محدود نہ رہیں اور کہا کہ ایسے واقعات کو شہر کے طرزِ زندگی پر حاوی نہیں ہونے دینا چاہیے۔

انڈونیشیا میں نئے سال کی تقریبات قدرے سادہ رہیں، جہاں گزشتہ ماہ سماٹرا میں شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ایک ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کے باعث اظہارِ یکجہتی کے طور پر بڑے جشن منسوخ کر دیے گئے۔ جکارتہ میں تقریبات کی جگہ دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جبکہ مکاسر کے میئر نے عوام سے تقریبات کے بجائے غور و فکر اور ہمدردی کو ترجیح دینے کی اپیل کی۔ بالی میں بھی کنسرٹس اور آتش بازی منسوخ کر کے روایتی رقص پر مبنی ثقافتی پروگرام منعقد کیا گیا۔

ہانگ کانگ میں وکٹوریہ ہاربر پر روایتی آتش بازی اس بار نہیں ہوئی، کیونکہ نومبر میں ایک بڑے آتش زدگی کے واقعے میں کم از کم 161 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے بجائے وسطی کاروباری علاقے میں موسیقی کا شو منعقد ہوا، جبکہ شہر کی آٹھ اہم عمارتوں پر تین منٹ کا لائٹ شو اور الٹی گنتی دکھائی گئی۔

ایشیا کے کئی ممالک میں نئے سال کا استقبال قدیم روایات کے ساتھ کیا گیا، جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں بدھ مت کے مندر میں نصف شب گھنٹی بجائی گئی، جبکہ جنوبی کوریا کے شہر سیول میں بوسنگاک پویلین پر گھنٹی بجانے اور الٹی گنتی کی تقریب منعقد ہوئی، یوں دنیا بھر میں مختلف ثقافتی اور حالات کے مطابق 2026 کا خیرمقدم کیا گیا۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button